بھارتی ریاست منی پور میں مسلح جھڑپوں کے باعث حالات کشیدہ؛ کرفیو کے نفاذ اور انٹرنیٹ بندش نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا

بھارتی ریاست منی پور میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح گروہوں کے درمیان شدید جھڑپوں کے باعث حالات کی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا۔ کرفیو کے نفاذ اور انٹرنیٹ کی مکمل طور پر بندش نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا۔ حکام کیلئے صورتحال پر قابو پانا چیلنج بن گیا۔

منی پور (تھرسڈے ٹائمز) — بھارتی ریاست منی پور کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا جبکہ انٹرنیٹ کو بھی مکمل طور پر شٹ ڈاؤن بھی کر دیا گیا ہے۔ اِن اقدامات کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق صورتحال اُس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب بعض علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح گروہوں کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ کئی مقامات پر نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے جبکہ سڑکوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی بڑھا دی گئی ہے۔

انٹرنیٹ بندش کے باعث شہری نہ صرف معلومات سے محروم ہو گئے ہیں بلکہ رابطہ کاری بھی متاثر ہو رہی ہے۔ طلباء، کاروباری افراد اور مریضوں سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ غیر مصدقہ خبروں اور بےیقینی کی کیفیت نے لوگوں کی تشویش میں اضافہ کیا ہے۔

کرفیو کے نفاذ کا مقصد بظاہر حالات پر قابو پانا بتایا جا رہا ہے تاکہ تشدد کے مزید واقعات کو روکا جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کارروائیوں میں سہولت ملے۔ تاہم انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے حوالہ سے ایسے اقدامات پر پہلے بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں بالخصوص جب انٹرنیٹ بندش طویل ہو جائے۔

سیکیورٹی اور انتظامیہ کی توجہ اب دو محاذوں پر تقسیم دکھائی دیتی ہے، ایک طرف زمینی صورتحال کو کنٹرول کرنا ایک چیلنج بن چکا ہے جبکہ دوسری طرف معلومات کے بہاؤ کو محدود رکھنے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ناقدین کے مطابق یہ حکمتِ عملی وقتی طور پر ہجوم اور رابطہ کاری کو کم کر سکتی ہے تاہم بحران کے بنیادی اسباب کو حل کیے بغیر دیرپا استحکام ممکن نہیں ہو سکتا۔

منی پور کی موجودہ کشیدگی صرف امن و امان کا معاملہ نہیں بلکہ سیاسی اور سماجی دباؤ کا بھی عکس ہے۔ ریاست میں پہلے سے موجود تناؤ کی فضا میں کسی بھی واقعہ کے بعد حالات تیزی سے بگڑنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انتظامی اقدامات سخت سے سخت تر ہوتے جا رہے ہیں۔

مقامی سطح پر یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر رابطے بحال نہ ہوئے اور زمینی سطح پر اعتماد سازی کے اقدامات نہ کیے گئے تو بحران کا دائرہ مزید پھیل سکتا ہے۔ ایسے حالات میں شہری سب سے پہلے عدم تحفظ، روزگار کی بندش اور بنیادی سہولیات کے تعطل کی قیمت ادا کرتے ہیں۔

بھارتی ریاست منی پور کے کشیدہ حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت کی اصل آزمائش یہ ہے کہ انتظامیہ طاقت کا استعمال کرتے ہوئے مسلح گروہوں کو قابو کرے یا پھر سیاسی و سماجی سطح پر کوئی ممکنہ حل تلاش کرے۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: