وہاڑی (تھرسڈے ٹائمز) — صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو روزانہ بھاشن دینے کی عادت تھی، جیل میں ابھی ڈیڑھ برس ہوا ہے اور آوازیں آ رہی ہیں بیٹوں سے نہیں ملنے دیا جا رہا، اگر سیاست میں آئے ہو تو پھر ہمت دکھاؤ، سیاست میں مشکلات برداشت نہ کر سکو تو کوئی اور شعبہ اختیار کرنا چاہیے۔
صدرِ پاکستان آصف زرداری نے وہاڑی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی حالات پہلے سے بہتر ہو چکے ہیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی ایک مسلسل عمل ہے جس میں مشکلات کے باوجود ریاستی ادارے اور عوام مل کر آگے بڑھ رہے ہیں، ملکی ترقی کیلئے تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا کیونکہ اگر ترقی کا عمل رک جائے تو اثرات طویل عرصہ تک محسوس ہوتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ کسان معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہیں، پائیدار ترقی کا انحصار جدید زرعی طریقوں کے فروغ اور کسانوں کو سہولیات کی فراہمی پر ہے، پاکستان کے معاشی چیلنجز کا مستقل حل زراعت میں پوشیدہ ہے، کسانوں کو بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے، آبی وسائل کا بہتر انتظام ناگزیر ہے، ملکی وسائل کی کمی نہیں ہے، تسلسل اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ ججز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تاکہ عدالتی نظام کو مضبوط بنایا جا سکے، خواہش ہے کہ آنے والی نسلیں موجودہ قیادت کو مثبت انداز میں یاد کریں، سیاسی تعاون انتہا پسندانہ رجحانات کو روکنے میں مدد دیتا ہے، قومی مفاد میں تمام قوتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے، پاکستان کو مضبوط و مستحکم اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کیلئے سیاسی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا کہ اُس شخص کو روزانہ بھاشن دینے کی عادت تھی اور ٹی وی پر اُس کی تقریر آتی تھی تو باقی تقریریں بند ہو جاتی تھیں، عمران خان کو جیل گئے ابھی ڈیڑھ برس ہوا ہے اور آوازیں آ رہی ہیں کہ بیٹوں سے نہیں ملنے دیا جا رہا، میں نے 14 برس جیل کاٹی ہے اور جب اپنے بچوں سے ملا تو وہ قد میں مجھ سے بڑے ہو چکے تھے، بلاول مجھے ملنے آیا تو وہ 6 فٹ کا ہو چکا تھا، اگر سیاست میں آئے ہو تو پھر ہمت دکھاؤ۔
اُنہوں نے کہا کہ سیاست میں مشکلات برداشت کرنا پڑتی ہیں اور اگر کوئی یہ برداشت نہیں کر سکتا تو اسے کوئی اور شعبہ اختیار کرنا چاہیے، سیاسی قیادت کیلئے برداشت و لچک اور سیاسی بلوغت ضروری ہیں، حکمرانی میں سنجیدگی اور دور اندیشی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
کشمیر کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اُس کے ایک انچ پر بھی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ذوالفقار بھٹو نے علاقائی خطرات کو مدِنظر رکھتے ہوئے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔




