ریاض (تھرسڈے ٹائمز) — سعودی خبر رساں ادارہ ’’زاویہ‘‘ کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ نے روسی ہم منصب اور پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں جن میں خطہ کی موجودہ صورتحال کے حوالہ سے اہم بات چیت کی گئی ہے۔
سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللّٰہ نے آج روسی فیڈریشن کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں جن کے دوران خطہ میں جاری پیش رفت اور بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں ٹیلیفونک رابطوں میں اِس بات پر زور دیا گیا ہے کہ خطہ اور اُس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کیلئے سفارتی رابطہ کاری اور سیاسی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنا نہایت اہم ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے روس اور پاکستان کے ساتھ یہ رابطے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطہ میں کشیدگی اور سلامتی و سفارتی توازن سے متعلق خدشات بدستور موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ نے اپنے روسی اور پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت میں اِس امر کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا ہے کہ موجودہ حالات میں مربوط سفارتی کوششیں نہ صرف تناؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں بلکہ خطہ میں استحکام کو بھی تقویت پہنچا سکتی ہیں۔ اِس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مسلسل رابطہ اور مشاورت موجودہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔
یہ رابطے اُس وسیع تر سفارتی سرگرمی کا حصہ سمجھے جا رہے ہیں جس کے تحت سعودی عرب خطہ میں امن، توازن اور سیاسی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اہم شراکت دار ممالک کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔
روس اور پاکستان، دونوں خطہ کی جغرافیائی سیاست میں اہم کردار کے حامل ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطحی رابطوں کو علاقائی سفارت کاری کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے مزید کہا ہے کہ اِس بات چیت میں امن کے فروغ، استحکام کے تحفظ اور باہمی رابطہ کاری کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے تاکہ خطہ اور اُس سے باہر پیدا ہونے والی پیچیدہ صورتحال کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔




