پاکستان، ترکیہ اور مصر امریکا ایران جنگ بندی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، رائٹرز

پاکستان، ترکیہ اور مصر امریکا ایران جنگ بندی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کیساتھ بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے ایرانی پاور پلانٹس پر حملے 5 روز تک ملتوی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایران معاہدے کیلئے بےتاب ہے۔

لندن (تھرسڈے ٹائمز) — برطانوی نیوز ایجنسی ’’رائٹرز‘‘ کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور مصر امریکا و ایران کے درمیان جنگ بندی کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے جبکہ جاری مذاکرات کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی پاور پلانٹس پر امریکی حملے 5 روز تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُنہوں نے ایران کے پاور پلانٹس پر کسی بھی طرح کی ملٹری سٹرائیکس کو 5 روز تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں مزید کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے مکمل خاتمہ سے متعلق بہت اچھی اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق امریکی نیوز ویب سائٹ ’’آکسیوس‘‘ کے ایک رپورٹر نے بتایا ہے کہ ترکیہ، مصر اور پاکستان نے وائٹ ہاؤس کے ایلچی سٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ہے۔ رپورٹر بارک راویڈ نے ایک نامعلوم امریکی ذریعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت جنگ کے خاتمہ اور تمام موجودہ مسائل کو حل کرنے کے بارے میں تھی۔

رائٹرز نے لکھا ہے کہ ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر نیوز کی رپورٹ کے مطابق عباس عراقچی کی وزارت نے کہا ہے کہ کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ابتدائی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ تہران چاہتا ہے کہ جنگ شروع کرنے والا فریق واشنگٹن براہِ راست مذاکرات میں شریک ہو۔

رائٹرز کی جانب سے مذاکرات کے مواد، شریک نمائندوں اور بات چیت کے مقام سے متعلق پوچھے گئے سوالات پر وائٹ ہاؤس نے کوئی جواب نہیں دیا۔

برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ دفاع کو مذاکرات کے نتائج تک حملے ملتوی کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ’’فوکس بزنس نیٹ ورک‘‘ کو یہ بھی بتایا کہ ایران معاہدہ کرنے کیلئے بےتاب ہے جو پانچ دن کے اندر ہو سکتا ہے۔

رائٹرز نے مزید لکھا ہے کہ اسرائیل کے جنگی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دینے والے ایک ذریعہ کے مطابق واشنگٹن نے اسرائیل کو تہران کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے آگاہ رکھا ہے اور امکان ہے کہ اسرائیل ایرانی پاور پلانٹس اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کیلئے واشنگٹن کی ہدایات پر عمل کرے گا۔

رائٹرز کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے فوری طور پر ایران کے ساتھ مذاکرات یا کچھ ایرانی اہداف پر حملوں کو معطل کرنے سے متعلق واشنگٹن کے فیصلے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتہ کے روز خبردار کیا تھا کہ اگر تہران آبنائے ہرمز کو 48 گھنٹوں کے اندر تمام جہاز رانی کیلئے مکمل طور پر کھولنے میں ناکام رہا تو ایرانی پاور پلانٹس تباہ ہو جائیں گے۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: