لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان کر دیا۔
پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ کے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو فری کرنے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔
مریم نواز شریف نے زراعت، خوراک اور کسان کے تحفظ کیلئے نقد رقم دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کاشت کاروں کو فی ایکڑ ڈیزل پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دینے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
چیف منسٹر پنجاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، شہری اِن غیر معمولی حالات میں ذاتی سواری کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں۔
مریم نواز شریف کا مزید کہنا ہے کہ جنگ کے نتیجہ میں دنیا عالمی معاشی بحران کا شکار ہے جبکہ پاکستان درآمدی تیل پر انحصار کی وجہ سے جنگ سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، تاہم وعدہ ہے کہ حالات کی بہتری کے ساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے۔




