شہباز شریف کا پاکستان کی ترقی، نوجوانوں کی خود مختاری اور سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری کا عزم

پاکستان میں معاشی استحکام سعودی عرب و دیگر دوست ممالک کے تعاون سے ممکن ہوا، نوجوان نسل قیمتی اثاثہ ہے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کریں گے، غزہ میں قتل و غارت روکنا ہو گی، اس کے بغیر دنیا میں امن اور خوشحالی ممکن نہیں۔

ریاض (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کا مقصد ایک ہی ہے، عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، سعودی عرب اور دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام ممکن ہوا، نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے جس کی ترقی کیلئے حکومت پاکستان نے مختلف منصوبے شروع کیے ہیں، خوشحالی کی مشترکہ منزل کیلئے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (ایف آئی آئی) سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانفرنس کے انعقاد پر سعودی فرمانروا اور ولی عہد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا ترقی سے متعلق ویژن قابلِ ستائش ہے، سعودی عرب اور پاکستان کا مقصد ایک ہی ہے، عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، سعودی عرب اور دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام ممکن ہوا، ہم مل کر ہی ترقی کی منزل حاصل کر سکتے ہیں، پاکستان حقیقی معنوں میں نوجوانوں کی کثیر تعداد سے مالا مال ہے جو روشن مستقبل کی نوید ہیں، نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، ان کی ترقی کیلئے حکومت پاکستان نے مختلف منصوبے شروع کیے ہیں، ہم نوجوانوں کو بااختیار بنا کر اپنا مستقبل بہتر بنا سکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مستقبل کے حصول کو دیکھتے ہوئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوانوں کو اعلٰی تعلیم اور ٹیکنالوجی فراہم کریں، ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے صنعتوں، معیشت اور معاشرے میں انقلاب برپا کر دیا ہے، پاکستان نہ صرف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو اپنا رہا ہے بلکہ ہم اس میں مہارت حاصل کرنے کے حوالے سے بھی کام کر رہے ہیں اور نوجوانوں کو ٹریننگ فراہم کر رہے ہیں، ہم آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کرتے ہوئے غلط معلومات کے خلاف جنگ اور موسمیاتی تبدیلی سے بہتری لانے کیلئے پُرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم تعلیمی اصلاحات اور ہنر مند افرادی قوت کی ترقی پر کام کر کے ٹیکنالوجی سے لیس نسل کو پروان چڑھانے کیلئے پُرعزم ہیں، دانش سکولز منصوبہ کے ذریعہ وسائل سے محروم طلبہ کو معیاری تعلیم دے رہے ہیں، یہ منصوبہ ایک کامیاب پروگرام ہے، تعلیم کے ذریعہ ہی انسان اور اقوام ترقی کر سکتی ہیں، صحت انسانی ترقی کی بنیاد ہے، پاکستانی نوجوان صحت کے شعبہ میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ جدید مسائل کو حل کر رہے ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں بھی پاکستانی اداروں کی نمایاں خدمات ہیں، آج کے دور میں کوئی بھی ملک مسائل کا انفرادی طور پر مقابلہ نہیں کرسکتا اور نہ ہی کوئی ملک کسی دوسرے ملک کی مدد کے بغیر ترقی حاصل کر سکتا ہے، خوشحالی کی مشترکہ منزل کیلئے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کیلئے غزہ میں قتل و غارت روکنا ہو گی جس نے دنیاوی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، تمام اہداف کا حصول اس وقت تک ممکن نہیں جب تک غزہ میں امن قائم نہیں ہوتا، اس کے بغیر دنیا میں خوشحالی ممکن نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (ایف آئی آئی) سمٹ میں شرکت کیلئے آج اپنے وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے ہیں جہاں ائیر پورٹ پر ڈپٹی گورنر ریاض پرنس محمد بن عبدالرحمٰن نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر پاکستانی سفیر احمد فاروق بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفد میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان اور وزیرِ تجارت جام کمال شامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی اعلٰی سعودی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: