لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دیوالی پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، دیوالی کا یہ چراغ دِلوں کو قریب لانے کا چراغ ہے، اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اقلیتوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، ہم سب کسی تفریق کے بغیر پاکستانی ہیں، جلد ہی اقلیتی کارڈ متعارف کرائیں گے، ہم اقلیتوں کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ دیوالی پر سب کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، تقریب میں ہندو برادری کو خوش آمدید کہتی ہوں، دیوالی کا یہ چراغ دِلوں کو قریب لانے کا چراغ ہے، ہم سب کسی تفریق کے بغیر پاکستانی ہیں، اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں، اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، سکھ اور ہندو اور مسیحی سب برابر کے پاکستانی ہیں۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اقلیتوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، میاں نواز شریف مُلک سے باہر ہیں ورنہ میں ان کے ساتھ یہاں آتی، نواز شریف نے تو مجھے اقلیت کا لفظ استعمال کرنے سے بھی منع کیا ہے، بچپن سے اپنے والد سے سنتی آئی ہوں کہ ان کو اقلیت مت کہو یہ ہمارا حصہ اور ہمارا فخر ہیں۔ چاہے کرسمس ہو، ایسٹر ہو، بابا گرو نانک کا جنم دن ہو یا دیوالی ہو سب کے ساتھ مل کر یہ تہوار دل سے منائے ہیں۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی مریم نواز شریف کا کہنا ٹھا کہ جلد ہی پنجاب میں اقلیتی کارڈ متعارف کرائیں گے، ہم اقلیتوں کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں، اقلیتوں کے فنڈز کو دگنا کر رہے ہیں، مستحق اقلیتی افراد کو مائنارٹی کارڈ کے ذریعہ 10 ہزار 500 روپے دیں گے، دیوالی کے تہوار پر 1400خاندانوں کیلئے فی کس 15 ہزار روپے کا تحفہ ہے۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے سموگ کے مسئلہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے، بھارتی پنجاب کے وزیرِ اعلٰی کو خط لکھنے کا سوچ رہی ہوں، پاکستانی اور بھارتی پنجاب کو مل کر سموگ کے مسئلہ کا حل نکالنا ہو گا۔