مسلم لیگ کا 119واں یومِ تاسیس، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کارکنان و اکابرین کا شکریہ

مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائداعظم و دیگر راہنماؤں کی جدوجہد سے پاکستان بنا۔ کارکنان و اکابرین کے شکر گزار ہیں جن کی بدولت مسلم لیگ (ن) نے آمروں کے سامنے نعرہِ حق بلند کیا۔ نواز شریف کی قیادت میں ملکی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ’’مسلم لیگ‘‘ کے یومِ تاسیس پر مبارکباد، قائدِ مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے محنت اور سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار، کارکنان اور سیاسی اکابرین کا شکریہ ادا کیا۔

مسلم لیگ کا یومِ تاسیس

مسلمانانِ برصغیر کے حقوق کے تحفظ کیلئے آج سے 118 برس قبل 30 دسمبر 1906 کو ڈھاکہ کے مقام پر نواب آف ڈھاکہ ’’خواجہ سلیم اللّٰہ بہادر‘‘ کی قیادت میں ’’آل انڈیا مسلم لیگ‘‘ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ بعدازاں آل انڈیا مسلم لیگ کی قیادت میں ہی برطانوی انڈیا میں مسلمانوں کیلئے الگ وطن کی تحریک شروع ہوئی جس کا تصور مفکر و شاعر علامہ محمد اقبال نے پیش کیا۔ اگست 1947 میں پاکستان کے معرضِ وجود میں آنے کا سہرا محمد علی جناح کی زیرِ قیادت آل انڈیا مسلم لیگ کو ہی جاتا ہے۔

اہم شخصیات

نواب خواجہ سلیم اللّٰہ بہادر، نواب وقار الملک، علامہ محمد اقبال، آغا خان سوم، حسین شہید سہروردی، خواجہ ناظم الدین، فیروز خان نون، خلیق الزماں، شبیر احمد عثمانی، ابو المنصور احمد، ابراہیم رحمت اللّٰہ، سردار عبدالرب نشتر، سید نبی اللّٰہ، محمد علی جناح، لیاقت علی خان، محترمہ فاطمہ جناح اور محمد خان جونیجو سمیت برصغیر اور بعدازاں پاکستان کی اہم سیاسی شخصیات مسلم لیگ سے وابستہ رہی ہیں۔

سیاسی وراثت

پاکستان میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیرِ قیادت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ’’آل انڈیا مسلم لیگ‘‘ کا سیاسی وارث سمجھا جاتا ہے۔ آل انڈیا مسلم لیگ تقسیمِ ہند کے بعد پاکستان میں ’’مسلم لیگ‘‘ اور بھارت میں ’’انڈین یونین مسلم لیگ‘‘ کی صورت میں سیاسی عمل کا حصہ بنی۔ پاکستان میں مسلم لیگ بعدازاں ’’پاکستان مسلم لیگ‘‘ کہلائی اور پھر سیاسی حالات میں تغیر و تبدل کے ساتھ مختلف حصوں میں تقسیم ہوتی گئی تاہم سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو کی قیادت میں ’’پاکستان مسلم لیگ (ج)‘‘ کو مرکزی حیثیت حاصل رہی جو 18 جولائی 1992 کو ’’پاکستان مسلم لیگ (ن)‘‘ کی صورت میں ملکی سیاست کا اہم حصہ بنی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اقتدار

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بانی و قائد اور صدر میاں محمد نواز شریف تین بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ نواز شریف پہلی بار 6 نومبر 1990 سے 18 جولائی 1993 اور پھر دوسری بار 17 فروری 1997 سے 12 اکتوبر 1999 تک پاکستان کے وزیراعظم رہے۔ نواز شریف 5 جون 2013 کو تیسری بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے اور 28 جولائی 2017 تک عہدے پر فائز رہے جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی یکم اگست 2017 سے 31 مئی 2018 تک پاکستان کے وزیراعظم رہے۔ قائدِ مسلم لیگ نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پاکستان کے موجودہ وزیراعظم ہیں جنہوں نے رواں برس 4 مارچ کو عہدہ سنبھالا جبکہ اس سے قبل وہ 11 اپریل 2022 سے 13 اگست 2023 تک بھی پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان کے دیگر راہنماؤں کی جدوجہد کے نتیجہ میں ایک آزاد وطن ’’پاکستان‘‘ کا قیام عمل میں آیا۔ آج سے 118 برس قبل مسلم لیگ کے قیام کے بعد مسلمانوں کیلئے نئے اور آزاد وطن کی خواہش کو مہمیز ملی اور مسلسل جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور آزاد وطن نصیب ہوا۔

ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بانیانِ پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروفِ عمل ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قائد میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتے ہوئے عوامی فلاح کو ترجیح دی ہے۔

کارکنان اور اکابرین کا شکریہ

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے پاکستان کی بقاء و استحکام کیلئے مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت اور ملکی سلامتی کو ترجیح دی ہے۔ مسلم لیگ کے کارکنان اور سیاسی اکابرین کے شکر گزار ہیں جن کے ساتھ کی بدولت جماعت نے آمروں کے سامنے نعرہِ حق بلند کیا اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کبھی انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی۔

نواز شریف کی سیاسی بصیرت

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد میاں محمد نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے کی کئی سازشیں ہوئیں مگر نواز شریف کی سیاسی بصیرت اور عوام کی خاطر قربانی کے جذبہ نے انہیں پر بار سر خرو کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ادوارِ حکومت میں صنعت، زراعت اور معیشت کی ترقی ہوئی جبکہ سفارتی سطح پر دوست ممالک سے تعلقات بہتر ہوئے اور پاکستان میں عام آدمی کو ترقی و خوشحالی حاصل ہوئی۔

پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے عزم

وزیراعظم شہباز شریف نے ’’مسلم لیگ‘‘ کے یومِ تاسیس کے موقع پر کہا ہے کہ آج بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کی سرپرستی و راہنمائی میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے مصروفِ عمل ہے۔ اللّٰه تعالیٰ کے فضل و کرم اور پاکستانی عوام کی محبت و حمایت سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے محنت اور سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: