اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کے ساتھ کسی بھی قسم کی خفیہ بات چیت یا رابطہ نہیں کیا گیا، عمران خان کو کسی بھی طرح کے معاہدہ، ڈیل یا نکلنے کا راستہ فراہم کرنے کیلئے کوئی بھی پیشکش نہیں کی گئی۔ صرف حکومتی سطح پر مذاکرات جاری ہیں جبکہ اس کے علاوہ باقی سب محض افسانے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کا واضح مؤقف
اعلیٰ سطح کے سیکورٹی ذرائع نے ڈیل یا معاہدے جیسی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سے نہ کوئی خفیہ رابطہ کیا گیا ہے اور نہ ہی انہیں کسی قسم کی کوئی پیشکش کی گئی ہے۔ یہ دعوے غلط اور بےبنیاد ہیں۔ ذرائع کے مطابق تمام بات چیت (مذاکرات) حکومت اور دوسری جانب (پاکستان تحریکِ انصاف) کے مابین ہو رہی ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی تھیں کہ فوج یا اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان خفیہ مذاکرات جاری ہیں لیکن سیکورٹی حکام نے واضح کر دیا ہے کہ صرف حکومت اور دوسرے فریق کے درمیان طے شدہ اور رسمی مذاکرات ہو رہے ہیں۔
افسانوی کہانیاں یا حقیقت؟
سینئر صحافی طلعت حسین کی جانب سے فراہم کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ افواہیں محض سیاسی کہانیوں پر مبنی ہیں جبکہ سیکورٹی ذرائع نے ان قیاس آرائیوں کو واضح الفاظ میں غلط اور بےبنیاد قرار دیا ہے۔