نوشکی (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز جاری، نوشکی میں 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ضلع نوشکی میں بی ایل اے (بلوچستان لبریشن آرمی) سے تعلق رکھنے والے مفرور اور روپوش دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا تعاقب اور کلیئرنس آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے 10 سے 12 دہشتگردوں کو نوشکی کے مختلف علاقوں میں گھیرے میں لے کر ہلاک کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں جاری کلیئرنس کارروائیوں کے دوران اب تک 16 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں جبکہ چند دہشتگردوں کو زندہ گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ باقی فرار ہونے والے دہشتگردوں کے خلاف انتہائی محتاط اور ٹارگٹیڈ کارروائیاں جاری ہیں تاکہ کسی بھی صورت بلوچستان کے عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچ سکے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشتگردوں نے یہ حملہ معمول کے برعکس کئی سال کی منصوبہ بندی کے بعد کیا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے چند ہی گھنٹوں میں حملے کو پسپا کر دیا اور اب پورے دہشتگرد نیٹ ورک کے خاتمہ کیلئے منظم اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ یہ محض ایک کارروائی نہیں بلکہ منظم تعاقب ہے جس میں ہر حملہ آور کو تلاش کیا جائے گا اور کوئی بھی بچ کر نہیں نکل سکے گا۔ ہر سہولتکار کو کچل دیا جائے گا اور بلوچستان کے ایک ایک انچ پر ریاستِ پاکستان کی رِٹ کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے باقی ماندہ دہشتگردوں کے خلاف انتہائی درست اور محدود نوعیت کے حملے کیے جا رہے ہیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز پُرعزم ہیں کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی غیر ملکی سرپرستی یافتہ پراکسی کو عدم استحکام پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں اُس وقت تک جاری رہیں گی جب تک دہشتگردی کی آخری جڑ کا بھی مکمل خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔




