ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو ہلاک کر دیا گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ ایران کیلئے فیصلہ کُن موڑ اور ایرانی عوام کیلئے اپنا مُلک واپس لینے کا بڑا موقع ہے۔ ایرانی سیکیورٹی ڈھانچے کے بعض عناصر امریکا سے رعایت چاہتے ہیں تاہم فی الحال ایران پر بمباری جاری رہے گی۔

واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ہلاک ہو چکے ہیں۔ ٹرمپ نے اسے ’’انصاف‘‘ قرار دیتے ہوئے ایران کیلئے ایک فیصلہ کن موڑ کے طور پر پیش کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ امریکی بمباری ’’پورے ہفتے یا جب تک ضروری ہو‘‘ جاری رہے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای اور ایران کی دیگر اعلیٰ شخصیات امریکی انٹیلیجنس کی ٹریکنگ صلاحیتوں کے بعد ہلاک کی گئی ہیں۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ یہ کارروائی اسرائیل کے ساتھ قریبی رابطہ و تعاون سے انجام دی گئی ہے۔

تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں خامنہ ای کی ہلاکت کے حوالہ سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جبکہ اُن کے بیان کے متن میں ایران کی جانب سے بھی کسی تصدیق کا ذکر موجود نہیں ہے۔

ٹرمپ نے خامنہ ای کی مبینہ ہلاکت کو ایران کیلئے اور اُن لوگوں کیلئے ’’حساب کا لمحہ‘‘ قرار دیا ہے جن کے بارے میں اُن کا کہنا ہے کہ وہ خامنہ ای کی پالیسیز اور اقدامات سے متاثر ہوئے۔ امریکی صدر نے ایرانی قیادت اور اُس کے ساتھیوں کیلئے سخت اور جارحانہ زبان استعمال کی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خامنہ ای کی ہلاکت کو ’’ایرانی عوام کیلئے اپنا مُلک واپس لینے کا سب سے بڑا موقع‘‘ قرار دیا ہے اور ایران کے اندر تیز رفتار سیاسی تبدیلی پر بھی زور دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ایران کے سیکیورٹی ڈھانچے کے بعض عناصر، جن میں ایرانی انقلابی گارڈز کورپس (آئی آر جی سی) کے علاوہ فوج اور پولیس بھی شامل ہیں، مزید لڑائی جاری رکھنے کے خواہاں نہیں اور امریکا سے رعایت چاہتے ہیں۔

امریکی صدر کے مطابق فی الحال رعایت دی جا سکتی ہے۔ تاہم اُنہوں نے اِس کے ساتھ واضح وارننگ بھی دی ہے کہ جو لوگ بعد میں اُن کی شرائط پر عمل نہیں کریں گے اُنہیں مہلک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ٹرمپ نے ایرانی سیکیورٹی فورسز سے یہ بھی کہا کہ وہ پُرامن طور پر اُن عناصر کے ساتھ مل جائیں جنہیں اُنہوں نے ’’ایرانی محبِ وطن‘‘ قرار دیا ہے تاکہ ریاست کی دوبارہ تعمیر کی جا سکے۔

امریکی صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ایران کو صرف ایک دن میں شدید نقصان پہنچا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر اِس بمباری کو ’’بھاری اور انتہائی درست‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں اُس وقت تک جاری رہیں گی جب تک امریکا وہ مقصد حاصل نہیں کر لیتا جس کو اُنہوں نے ’’مشرقِ وسطیٰ میں اور حقیقتاً پوری دنیا میں امن‘‘ قرار دیا ہے۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: