افغانستان کی سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ہونا ناقابلِ قبول ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کا افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ پاکستان اور افغانستان میں امن تبھی ہو سکتا ہے جب افغان طالبان دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیموں کی حمایت سے دستبردار ہو جائیں۔

جنوبی وزیرستان (تھرسڈے ٹائمز) — فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں امن تبھی قائم ہو سکتا ہے جب افغان طالبان دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیموں کی حمایت سے دستبردار ہو جائیں، فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کا افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وانا (جنوبی وزیرستان) کا دورہ کیا ہے جہاں کور کمانڈر پشاور نے اُن کا استقبال کیا جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مغربی سرحد پر موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مغربی سرحد پر سیکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز، آپریشن غضب للحق، پاک افغان سرحدی پیش رفت اور بارڈر مینیجمنٹ اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور اُن کی پیشہ ورانہ مہارتوں، آپریشنل مستعدی اور بلند حوصلے کو سراہا۔ اُنہوں نے سرحدی جھڑپوں کے دوران افواجِ پاکستان کی ثابت قدمی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اِس جانب (مغربی سرحد) سے پیدا ہونے والے ہر خطرے کو ختم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے، دونوں جانب امن تبھی قائم ہو سکتا ہے جب افغان طالبان دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیموں کی حمایت سے دستبردار ہو جائیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کا افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ چیف آف ڈیفینس فورسز نے پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاریوں، باہمی ہم آہنگی اور استقامت پر مکمل اعتماد کا بھی اظہار کیا۔

چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہداء کی یادگار پر پھول بھی رکھے اور وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استقامت کی بنیاد ہیں۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: