ریاض (تھرسڈے ٹائمز) — سعودی عرب نے ترکیہ اور آذربائیجان پر ایرانی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خطہ میں ایرانی جارحیت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور دشمنانہ انداز قرار دیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے بیان کے مطابق مملکت سعودی عرب نے جمہوریہ ترکیہ اور جمہوریہ آذربائیجان کو ایران کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی کوششوں پر سخت مذمت کا اظہار کیا ہے۔
#بيان | تعرب وزارة الخارجية عن استنكار المملكة العربية السعودية وإدانتها بأشد العبارات لمحاولة استهداف إيران للجمهورية التركية وجمهورية أذربيجان. pic.twitter.com/hT0HFVDemu
— وزارة الخارجية 🇸🇦 (@KSAMOFA) March 5, 2026
سعودی عرب نے اِس بات پر زور دیا ہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان کے خلاف ایران کی بزدلانہ کوششیں اور خطہ کے ممالک کے خلاف ایران کا بار بار جارحانہ رویہ ایک ایسے دشمنانہ انداز کو ظاہر کرتا ہے جس کو کسی بھی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی جارحیت بین الاقوامی قوانین، اصول و ضوابط اور گڈ گورننس کے قواعد سے واضح طور پر متصادم ہے جبکہ ایران خطہ کو مزید کشیدگی کی جانب دھکیل رہا ہے۔
سعودی عرب نے ترکیہ اور آذربائیجان کی حکومتوں اور دونوں ممالک کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے جبکہ کشیدگی سے بچنے اور علاقائی سلامتی و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے دونوں ممالک کی کوششوں کو بھی سراہا ہے۔
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ سعودی عرب اپنی سلامتی، فضائی حدود، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ترکیہ اور آذربائیجان کے حق کی مکمل حمایت کا اظہار کرتا ہے۔




