اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان 30 مارچ کو سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ پر مشتمل چار ملکی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی سے متعلق بات چیت اور پیش رفت کیلئے چار ملکی اہم اجلاس کی میزبانی کرے گا جس میں سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے اہم اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کریں گے جبکہ اجلاس میں خطہ کی کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششوں میں مزید پیش رفت پر غور کیا جائے گا اور علاقائی و عالمی امور سے متعلق اہم مشاورت کی جائے گی۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا یہ اجلاس چاروں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان سعودی عرب میں ہونے والی اہم مشاورتی ملاقات کا تسلسل دکھائی دیتا ہے جس نے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت کو مزید اُجاگر کر دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پہلے ہی امریکا و ایران جنگ بندی کیلئے مذاکرات میں رابطہ کار اور ثالث کے طور پر اہم کردار ادا کر رہا ہے جس کی نشاندہی بلومبرگ، واشنگٹن پوسٹ اور نیو یارک ٹائمز سمیت اہم جریدے بھی کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار تصدیق کر چکے ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کیلئے امریکا کی 15 نکاتی تجویز پاکستان کے ذریعہ تہران پہنچائی گئی جس پر ایران غور کر رہا ہے۔




