اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا مُرَبّی دوست اور بھائی ہے، سعودی عرب پاکستان کا برادر مُلک ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، سعودی عرب نے بلاتفریق ہمیشہ پاکستان کے عوام اور حکومتوں کی ہر محاذ پر بھرپور مالی، سفارتی اور سیاسی حمایت کی ہے، سعودی عرب کے خلاف زہر اگلا جائے گا تو ہمارا بھائی کیا کہے گا؟
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کی وہ مدد کی ہے جس کی کوئی مثال نہیں جبکہ بدلے میں سعودی عرب نے پاکستان سے کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا، جس طرح ایک بھائی دوسرے بھائی کی مدد کرتا ہے سعودی عرب نے ویسے ہی ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے، سعودی عرب سے معلق جو (عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے) بیان دیا گیا اس سے بڑھ کر پاکستان کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہو سکتی، سعودی عرب وہ ملک ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کیلئے اپنے دروازے کھولے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے خلاف زہر آلودہ بات ناقابلِ معافی جرم ہے، کوئی ایسا ہاتھ جو پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی میں رکاوٹ بنے گا اسے توڑ دیں گے، ایسا الزام لگایا گیا کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، اپنے سیاسی مفادات کیلئے نفرتوں کے بیج بوئے جا رہے ہیں، انہیں اندازہ نہیں کہ ان کے آیسے بیانات سے پاکستان کا خدانخوستہ کتنا نقصان ہو سکتا ہے، کسی کو پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔