اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے عوام اور صنعتوں کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے اور صنعتی شعبے کیلئے 7 روپے 59 پیسے کمی کی جارہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کیلئے بڑا ریلیف؛
گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے کمی کا اعلان۔ نئی قیمت 34 روپے 37 پیسے ہوگی۔ pic.twitter.com/MuJ6TXNC1O— The Thursday Times (@thursday_times) April 3, 2025
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کیلئے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا۔ اس پیکج کے تحت گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی نئی قیمت 34 روپے 37 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے جبکہ صنعتی شعبے کیلئے بھی بجلی کے نرخوں میں 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کی کمی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے اور اب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا تھا اور پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے دوچار تھا۔ کچھ عناصر ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے تک لانے کے بعد یہ سمجھ بیٹھے تھے کہ پاکستان کبھی اس بحران سے نکل نہیں سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ خود توڑا اور پھر بعد میں ملک کے معاشی پروگرام کو روکنے کیلئے بھی منفی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم، فوجی قیادت اور دیگر اداروں نے مل کر دن رات محنت کی جس کے نتیجے میں پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا۔ اب شرح سود اور مہنگائی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور ملکی معیشت تیزی سے بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں بتایا گیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کے بجائے بجلی کے نرخوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے، جس پر آئی ایم ایف سے مثبت پیش رفت ہوئی۔ اس کے علاوہ حکومت نے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ بھی کامیاب مذاکرات کیے ہیں اور انہیں اس بات پر قائل کیا ہے کہ ماضی میں منافع کمانے کے بعد اب وہ قوم کو فائدہ دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اس پیکج سے صنعتوں، تجارت اور زراعت کے شعبے میں ترقی کے نئے راستے کھلیں گے اور ملکی معیشت میں استحکام مزید مضبوط ہوگا۔