کراچی (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی جنگی فتح اور پھر سیز فائر کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ کی تاریخی اُڑان، کاروباری ہفتے کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی کے بعد کاروبار کچھ وقت کیلئے معطل کر دیا گیا۔
کاروباری ہفتہ کے پہلے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آغاز سے ہی زبردست تیزی کا رجحان نظر آ رہا ہے، بینچ مارک KSE ہنڈرڈ انڈیکس میں 9 ہزار 450 سے زائد پوائنٹس (قریباً 8 اعشاریہ 48 فیصد) اضافہ کے ساتھ سٹاک ایکسچینج 1 لاکھ 16 ہزار 650 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا جس کے بعد کاروبار کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا۔
گزشتہ کاروباری ہفتہ کے اختتام پر 1 لاکھ 7 ہزار 174 اعشاریہ 63 پوائنٹس پر بند ہونے والا سٹاک ایکسچینج آج آغاز سے ہی تاریخی تیزی کے باعث ایک گھنٹہ تک معطل رہنے کے بعد دوبارہ بحال ہو چکا ہے جبکہ مجموعی طور پر ہنڈرڈ انڈیکس میں اب تک 9900 پوائنٹس سے زائد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے ساتھ سٹاک ایکسچینج 1 لاکھ 17 ہزار 104 اعشاریہ 11 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
تجارتی حجم کو دیکھا جائے تو 32 کروڑ سے زائد حصص کا تبادلہ ہو چکا ہے جبکہ تجارتی مالیت 13 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے، دوسری جانب انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 31 پیسے کمی سامنے آئی ہے اور ڈالر 281 روپے 71 پیسے سے کم ہو کر 281 روپے 40 پیسے پر آ گیا ہے۔