تہران (تھرسڈے ٹائمز) — ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے بہت بڑی غلطی اور سنگین کوتاہی کی جس کا انجام اس کی تباہی پر ہو گا، ہمیں پوری قوت کے ساتھ فیصلہ کن جواب دینا ہے، وہ گمان نہ کریں کہ ہم پر حملہ کر کے بچ نکلیں گے، انہیں جنگ کے نتائج بھگتنا ہوں گے، ایران کی مسلح افواج دشمن پر کاری ضرب لگائیں گی۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّہ خامنہ ای نے ایرانی قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایرانی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں اور ایرانی کمانڈرز، سائنسدانوں اور متعدد شہریوں کی شہادت پر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، بلاشبہ یہ ہم سب کیلئے بہت بڑا صدمہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے، ہم اللّٰه تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ان کی پاکیزہ روحوں کو اپنی خاص رحمت میں جگہ عطا فرمائے، صیہونی حکومت نے بہت بڑی غلطی اور سنگین کوتاہی کی جس کا انجام اس کی تباہی پر ہو گا۔
اپنی قوم سے خطاب کے دوران خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم اپنے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گی اور نہ ہی اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کو نظر انداز کرے گی، ہماری مسلح افواج پوری طرح تیار ہیں اور ملک کی تمام قیادت اور عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ایران کے تمام سیاسی حلقوں اور مختلف گروہوں کی جانب سے یکجہتی کے پیغامات جاری کیے گئے ہیں، ہر شخص اس بات پر متفق ہے کہ ہمیں صیہونی حکومت کو بھرپور جواب دینا ہو گا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ ہمیں پوری قوت کے ساتھ فیصلہ کن جواب دینا ہے، ہم ان کیلئے زندگی کو تلخ بنا دیں گے، وہ گمان نہ کریں کہ ہم پر حملہ کر کے بچ نکلیں گے یا معاملہ ختم ہو چکا، انہیں اس جنگ کے نتائج بھی بھگتنا ہوں گے، ایران کی مسلح افواج دشمن پر کاری ضرب لگائیں گی، ایرانی عوام اپنی افواج کی مکمل حمایت کرتے ہیں، ایران صیہونی حکومت پر غالب آئے گا، ہماری قوم یقین رکھے کہ ہم اپنے مقصد کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔