بھارت خود کو خطہ کا چودھری سمجھتا تھا مگر اللّٰه کے فضل سے بھارتی تکبر زمین بوس ہو گیا، اسحاق ڈار

پی ٹی آئی حکومت مزید 6 ماہ رہتی تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، اللّٰه نے ہمیں موقع دیا اور ڈیفالٹ کا تصور دفن ہوا، چائے کے کپ کیلئے کابل جا کر ملک دوبارہ دہشتگردی کی دلدل میں دھکیلا گیا، بھارت خود کو خطہ کا چودھری سمجھتا تھا، اُس کا تکبر خاک میں مل گیا۔

نیو یارک (تھرسڈے ٹائمز) — نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومتی کوششوں سے ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، تمام عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کے معترف ہیں، پی ٹی آئی حکومت مزید 6 ماہ رہتی تو پاکستان دیوالیہ ہو جاتا، اللّٰه نے ہمیں موقع دیا اور ڈیفالٹ کا تصور ہی دفن ہو گیا، پی ٹی آئی حکومت میں ہم ایک چائے کے کپ کیلئے کابل چلے گئے اور دہشتگردی کو دوبارہ پھلنے پھولنے دیا، عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہے جس کی رہائی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے نیو یارک (امریکا) میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، حکومت کی کوششوں کی بدولت ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، حکومت 3 برس کی قلیل مدت میں معاشی اشاریوں میں بہترئی لائی ہے جبکہ جی ڈی پی گروتھ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تمام عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کے معترف ہیں، زرِمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں معاشی استحکام آچکا ہے جبکہ ہمارا ہدف پاکستان کو جی 20 میں شامل کرنا ہے، مہنگائی کی شرح میں نمایاں حد تک کمی ہو چکی ہے، سفارتی سطح پر بھی پاکستان اِس وقت بہت متحرک ہے، علاقائی روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے سابق وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ‏وہ پاکستانی معیشت جو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن چکی تھی 2018 میں پاکستان میں کیے گئے عدالتی اور سیاسی ایڈوینچر کے نتیجہ میں 47ویں نمبر پر چلی گئی، پی ٹی آئی حکومت مزید 6 ماہ رہتی تو پاکستان دیوالیہ (ڈیفالٹ) کر چکا ہوتا مگر اللّٰه تعالیٰ نے مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا اور ہماری حکومت نے ڈیفالٹ کا تصور ہی دفن کر دیا،

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے دورِ حکومت کو انسانی وبا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے بارے ہر ہفتہ تاریخیں دی جا رہی تھیں، فچ نے مئی 2023 میں 30 جون 2023 کی تاریخ بھی دے دی تھی کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، پی ٹی آئی حکومت پاکستان کو 47ویں میعشت پر چھوڑ کر گئی تھی مگر اب وہ 40ویں نمبر پر آ چکی ہے، ہمارا ہدف پاکستان کو دنیا کی 20ویں بڑی معیشتوں میں شامل کرنا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تحریکِ عدم اعتماد مشکل فیصلہ تھا جو ہم نے پاکستان کی خاطر کیا، موجودہ حکومت ملک میں معاشی اور عالمی سطح پر سفارتی جنگ جیت چکی ہے، گزشتہ حکومت میں ہم ایک چائے کے کپ کیلئے کابل چلے گئے اور پاکستان کو دوبارہ دہشتگردی کی دلدل میں دھکیل دیا، پی ٹی آئی حکومت نے نہ صرف خطرناک دہشتگردوں کو رہا کیا بلکہ اُن دہشتگردوں کو پاکستان واپس آنے کی اجازت دی جن میں پاکستانی جھنڈا جلانے والے بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمہ کیلئے پُرعزم ہیں، ہم افغانستان کے خیرخواہ ہیں اور اُن کی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، افغانستان سے ایک مطالبہ ہے کہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، ہم امریکا سے مضبوط تعلقات چاہتے ہیں، امریکا سے ہمارے تعلقات کو پاک چین دوستی کے تناظر میں نہ دیکھا جائے، امریکی وزیرِ خارجہ سے دوستانہ ماحول میں ملاقات ہوئی، دو طرفہ اور علاقائی و عالمی موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے امریکا میں قید پاکستانی خاتون عافیہ صدیقی کے بارے میں بات کرتے ہوئے واضح انداز میں کہا کہ ہم نے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے سرتوڑ کوششیں کی ہیں اور انشاءاللّٰه آئندہ بھی کرتے رہیں گے، ہمیں کوئی نہ سکھائے کہ ہم نے عافیہ صدیقی کیلئے کیا کیا، ہم 2015 سے مسلسل اُن کی رہائی کیلئے کوشاں ہیں، میاں نواز شریف نے اُس وقت کے امریکی صدر باراک اوباما سے اوول آفس میں ملاقات کے دوران عافیہ صدیقی کو ’’پاکستان کی بیٹی‘‘ قرار دیتے ہوئے اُن کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا، اِس بار بھی میں نے صدر جوبائیڈن کو باقاعدہ دستخط شدہ معافی کی درخواست بھیجی۔

اسحاق ڈار نے بھارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خود کو خطہ کا چودھری اور نیٹ سیکیورٹی فراہم کرنے والا سمجھتا تھا مگر اللّٰه کے فضل سے اُس کا تکبر زمین بوس ہو گیا، بھارت نے پاکستان کے خلاف فوجی مہم جوئی کی کوشش کی تو جواب میں پاکستان نے دشمن کے 6 جنگی طیارے مار گرائے جبکہ اُن میں بھارت کے چار رافیل اور ایک روسی مگ اور ایک ایس یو وی اور ایک ڈرون شامل تھا، اِس کارروائی کے بعد بھارت میں کھلبلی مچ گئی۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ رافیل طیارے جنہیں ناقابلِ شکست سمجھا جاتا تھا ہم نے وہ چار طیارے گرا کر بھارتی غرور خاک میں ملا دیا، پاکستان نے بین الاقوامی برادری کو ہر لمحہ کی تفصیلات فراہم کیں جبکہ بھارت کا پاکستان پر پہلگام حملہ کا جھوٹا الزام بےبنیاد ثابت ہوا اور دم توڑ گیا، کشیدگی کے دوران دنیا کے بڑے دارالحکومتوں میں گفتگو ہوتی تھی تو ہم ایک ہی بات کہتے تھے کہ پاکستان اپنے وقت پر بھارت کو جواب دے گا اور جو کچھ کرے گا اُسے چھپائے گا نہیں بلکہ دنیا کے سامنے خود رکھے گا۔ اور پھر ہم نے نہ صرف دنیا کو بتایا بلکہ عملی طور پر کر کے بھی دکھایا۔

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: