نئی دہلی (تھرسڈے ٹائمز) — سابق بھارتی وزیرِ داخلہ ’’پی چدمبرم‘‘ نے کہا ہے کہ پہلگام کے حملہ آور پاکستان سے نہیں آئے تھے اور بھارتی حکومت کے پاس بھی اِس حوالہ سے پاکستان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ہیں۔
سابق بھارتی وزیرِ داخلہ ’’پی چدم برم‘‘ کی جانب سے پاکستان کو پہلگام واقعے پر کلین چِٹ؛
پہلگام کے حملہ آور پاکستان سے نہیں آئے تھے اور بھارتی حکومت کے پاس بھی یہ الزام ثابت کرنے کیلئے کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔ بھارتی حکام آج تک یہ بتانے سے قاصر کیوں ہیں کہ حملہ آور کون تھے،… pic.twitter.com/chM5Ir3l8Z— The Thursday Times (@thursday_times) July 28, 2025
بھارت کے سابق وزیرِ داخلہ اور انڈین نیشنل کانگریس کے راہنما ’’پی چدمبرم‘‘ نے نیوز ویب سائٹ ’’دی کوئنٹ‘‘ کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران پہلگام واقعہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاکستان کو کلین چِٹ دے دی ہے، انہوں نے کہا کہ پہلگام کے حملہ آور پاکستان سے نہیں آئے تھے اور بھارتی حکومت کے پاس بھی پاکستان کے خلاف الزام ثابت کرنے کیلئے کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔
بھارتی پارلیمنٹ (راجیا سبھا) کے رکن اور سینئر سیاسی راہنما ’’پی چدمبرم‘‘ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام آج تک یہ بتانے سے قاصر کیوں ہیں کہ حملہ آور کون تھے اور کہاں سے آئے؟ عین ممکن ہے کہ وہ (پہلگام کے حملہ آور) مقامی دہشتگرد ہوں۔
راہنما انڈین نیشنل کانگریس ’’پی چدمبرم‘‘ نے سوالات اٹھائے کہ کیا این آئی اے (نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی) نے حملہ آوروں کی شناخت کی ہے؟ حملہ آور کہاں سے آئے؟ ہو سکتا ہے وہ (حملہ آور) بھارت کے اندر سے ہوں، یہ کیوں مان لیا گیا ہے کہ وہ پاکستان سے آئے؟ کیا اِس کا کوئی ثبوت موجود ہے؟
انہوں نے بھارتی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت آپریشن سندور کے دوران ہونے والے نقصانات کو چھپا رہی ہے، جنگ میں دونوں طرف نقصانات ہوتے ہیں، اگر بھارت کو نقصان پہنچا ہے تو اسے تسلیم کریں، چرچل نے بھی دوسری جنگ عظیم میں مسلسل عوام کو صورتِ حال سے آگاہ رکھا تھا۔
بھارت کے سینئر سیاستدان اور راجیا سبھا کے رکن ’’پی چدمبرم‘‘ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اِس اہم معاملہ پر پارلیمنٹ میں براہِ راست بات کیوں نہیں کی؟ وہ جلسوں میں خطاب کرتے ہیں مگر پارلیمنٹ جیسے جمہوری ادارے میں خاموش ہیں، آخر حکومت جنگ بندی کے عمل پر بات کرنے سے کیوں گھبرا رہی ہے؟
بھارت میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ خزانہ، وزارتِ کارپوریٹ افیئرز، وزارتِ قانون و انصاف اور وزارتِ کامرس و انڈسٹری جیسے اہم عہدوں پر براجمان رہنے والے ’’پی چدمبرم‘‘ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سچ یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان بھارت نے نہیں بلکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا۔