مریم نواز نے پنجاب کیلئے جدید سفری سہولیات سے آراستہ الیکٹرک بسوں اور آٹونومس ریل ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کا اعلان کر دیا۔

جدید سفری سہولیات سے آراستہ 1100 ائیر کنڈیشنڈ اور CCTV مانیٹرڈ الیکٹرک بسوں میں وہیل چیئرز کیلئے بلٹ اِن ریمپس بھی ہوں گے۔ جنوبی ایشیاء کا پہلا آٹونومس ریل ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم بیک وقت 300 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ کے عوام کیلئے چین میں تیار ہونے والی جدید اور ماحول دوست الیکٹرک بسوں کی ویڈیو جاری کر دی، جدید سفری سہولیات سے آراستہ ’’آٹونومس ریل ریپڈ ٹرانزٹ‘‘ کے لاہور پہنچنے کا بھی اعلان کر دیا۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی مریم نواز شریف نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر اپنے ایک پیغام میں صوبہ کے عوام کو ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے چین کی تیار کردہ آرام دہ، پُرسکون اور سہولیات سے آراستہ الیکٹرک بسوں کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ چین کی تیار کردہ 1100 الیکٹرک بسوں میں سے 240 بسوں پر مشتمل پہلی کھیپ 22 اگست کو پاکستان پہنچے گی جبکہ آرام دہ سفری سہولیات سے آراستہ الیکٹرک بسیں اُن چھوٹے اضلاع میں بھیجی جائیں گی جہاں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔

صوبہ پنجاب کی وزیرِ اعلٰی مریم نواز شریف نے مزید لکھا ہے کہ یہ الیکٹرک بسیں ائیر کنڈیشنڈ ہوں گی اور اُن میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ بھی ہو گی جبکہ معذور افراد کی وہیل چیئرز کے داخلہ کیلئے خصوصی انتظامات (بلٹ اِن ریمپس) بھی ہوں گے۔

وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے ایک پیغام میں ’’آٹونومس ریل ریپڈ ٹرانزٹ‘‘ کے لاہور پہنچنے کا اعلان بھی کیا ہے، اُنہوں نے جدید سفری سہولیات سے آراستہ آٹونومس ریل ریپڈ ٹرانزٹ کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جنوبی ایشیاء کا پہلا اے آر ٹی (آٹونومس ریل ریپڈ ٹرانزٹ) سسٹم لاہور پہنچ گیا ہے۔

آٹونومس ریل ریپڈ ٹرانزٹ جدید ترین اور ٹریک کے بغیر چلنے والا سسٹم ہے جو ربڑ کے ٹائروں پر چلتا ہے اور بیک وقت تین سو مسافروں کو سفری سہولیات میسر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ روایتی ٹرانسپورٹ کا ایک ماحول دوست و کم لاگت اور جدید متبادل ہے جبکہ جلد ہی کینال روڈ پر آٹونومس ریل ریپڈ ٹرانزٹ کا آزمائشی سفر بھی کیا جائے گا۔

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: