استنبول (تھرسڈے ٹائمز) — نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کیلئے 200 ٹن وزنی خوراک اور ضروری انسانی سامان پر مشتمل دو کھیپ بھیجنے کی منظوری دی ہے، پاکستان فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، بین الاقوامی برادری کو خوراک اور جان بچانے والی امداد کی غزہ تک کسی روک ٹوک کے بغیر رسائی یقینی بنانے کیلئے فوری کارروائی کرنی چاہیے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ غزہ میں خوراک کی قلت کے باعث انسانی صورتحال دِل دہلا دینے والی ہے جبکہ غزہ کے لوگ بالخصوص خواتین اور بچے بھوک سے مر رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کرنے، اعلیٰ سطحی سیاسی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کرنے اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرنے کے بعد واپسی کے سفر کے دوران میں نے استنبول ائیر پورٹ سے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ غزہ میں خوراک کی فراہمی کی موجودہ صورتحال اور غزہ میں قحط کے حوالہ سے گفتگو کی ہے۔
اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے غزہ کے بہن بھائیوں کیلئے 200 ٹن وزنی خوراک اور ضروری انسانی سامان پر مشتمل دو کھیپ بھیجنے کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے فوری طور پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ایم ڈی اور پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کو ضروری ہدایات دے دی ہیں کہ وہ مذکورہ انسانی امداد کی جلد از جلد روانگی کیلئے تمام ضروری انتظامات اور روابط کو یقینی بنائیں۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، بین الاقوامی برادری کو خوراک اور جان بچانے والی امداد کی غزہ تک کسی روک ٹوک کے بغیر رسائی یقینی بنانے کیلئے فوری کارروائی کرنی چاہیے۔