تجزیہ: بھارت نے دوبارہ حملہ کیا تو پاکستان جواب میں بھارت کے اندر گہرائی تک ضرب لگائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت نے دوبارہ حملہ کیا تو پاکستان بھارت کے اندر گہرائی تک ضرب لگائے گا، ہم مشرق سے شروع کریں گے، انہیں سمجھنا چاہیے کہ ہم ہر جگہ انہیں نشانہ بنا سکتے ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خبریں بےبنیاد ہیں۔

لندن (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان کے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خبریں بےبنیاد ہیں، بھارت نے دوبارہ پاکستان پر حملہ کیا تو پاکستان جواب میں بھارت کے ’’اندر گہرائی تک‘‘ ضرب لگائے گا اور ’’ہم مشرق سے شروع کریں گے، انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ ہم ہر جگہ انہیں نشانہ بنا سکتے ہیں‘‘۔

دی اکانومسٹ کے مطابق بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان کی موجودہ سویلین حکومت کو پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت بھی حاصل ہو چکی ہے، ملک میں یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ آرمی چیف اب صدر بننا چاہتے ہیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ’’دی اکانومسٹ‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آرمی چیف کے صدر بننے کی خبریں بےبنیاد ہیں‘‘ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف یہ دعویٰ بھی مسترد کرتے ہیں کہ فیلڈ مارشل اپنے پیش روؤں کی نسبت زیادہ نظریاتی سوچ رکھتے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ’’دی اکانومسٹ‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر مغرب کی سیاست کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور پاکستانی سرزمین پر سرگرم دہشتگرد گروہوں کے خلاف سخت مؤقف رکھتے ہیں۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اکثر فوجی جوانوں سے بات کرتے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ انہیں مذہب کو بزنس بنا دینے والے مُلّا سے نفرت ہے۔

بھارت کے حوالے سے — پاکستانی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ذاتی سوچ 16 اپریل کو دیئے گئے ایک خطاب میں نظر آئی۔ دی اکانومسٹ کے مطابق کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ فیلڈ مارشل نے آزادیِ کشمیر کے مؤقف میں بیان کیا کہ ہندو اور مسلمان دونوں ایک ہی قوم میں نہیں رہ سکتے تاہم پاکستان کے ڈی جی آئی ایس پی آر اِس خطاب کے بارے میں کہتے ہیں کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ردعمل کے طور پر بیان کیا کہ یہ وہ باتیں ہیں جن کیلئے وہ کھڑے ہیں اور جن کیلئے وہ جان دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔

برطانوی اخبار نے لکھا ہے کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے اِس بیان — کہ مزید دہشتگرد حملوں کی صورت میں وہ بھرپور فوجی ردّعمل دیں گے — کے جواب میں پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت نے دوبارہ پاکستان پر حملہ کیا تو پاکستان جواب میں بھارت کے ’’اندر گہرائی تک‘‘ ضرب لگائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم مشرق سے شروع کریں گے، انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ ہم ہر جگہ انہیں نشانہ بنا سکتے ہیں‘‘۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: