کراچی (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک اور ریکارڈ ساز بلندی، بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس می 1200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ، سٹاک ایکسچینج تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتہ کے تیسرے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آغاز سے زبردست تیزی کا رجحان نظر آ رہا ہے، بینچ مارک KSE ہنڈرڈ انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس اضافہ کے ساتھ سٹاک ایکسچینج 1 لاکھ 44 ہزار کی تاریخی سطح عبور کر گیا ہے۔
گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر 1 لاکھ 43 ہزار 37 اعشاریہ 16 پوائنٹس پر بند ہونے والا سٹاک ایکسچینج آج مجموعی طور پر ہنڈرڈ انڈیکس میں 1 ہزار 248 اعشاریہ 58 پوائنٹس کے نمایاں اضافہ کے ساتھ 1 لاکھ 44 ہزار 285 اعشاریہ 74 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔
آج کاروبار کے دوران اب تک کے تجارتی حجم کو دیکھا جائے تو 52 کروڑ 31 لاکھ 29 ہزار 10 سے زائد حصص کا تبادلہ ہو چکا ہے جبکہ تجارتی مالیت 34 ارب 89 لاکھ 62 ہزار 543 روپے سے زائد رہی ہے۔