پاکستان اور بھارت اپنے طیاروں کی آزادانہ تحقیقات کروا لیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں، خواجہ آصف

بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا دعویٰ ناقابلِ فہم اور وقت کے لحاظ سے بےمعنی ہے، بھارت سچ پرکھنے کا خواہاں ہے تو دونوں ممالک آزادانہ تحقیقات کروا لیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں، پاکستانی خودمختاری کی ہر خلاف ورزی کا فوری اور متناسب ردعمل دیا جائے گا۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستانی طیاروں کو نقصان پہنچانے کے حوالہ سے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا دعویٰ ناقابلِ فہم اور وقت کے لحاظ سے بےمعنی ہے، آزاد مبصرین اور عالمی راہنماؤں کے علاوہ سینیئر بھارتی سیاستدانوں اور غیر ملکی انٹیلیجنس ذرائع نے بھی اِس بات کا اعتراف کیا کہ رافیل سمیت متعدد بھارتی لڑاکا طیارے نقصان کا شکار ہوئے جبکہ بھارت ایک بھی پاکستانی طیارہ مار گرانے میں کامیاب نہ ہو سکا، اگر بھارت سچ پرکھنے کا اتنا ہی خواہاں ہے تو دونوں ممالک اپنے طیاروں کی جانچ آزاد ماہرین کے سپرد کریں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔

پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی طیاروں کو مبینہ طور پر نقصان پہنچانے کے حوالہ سے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کی جانب سے تاخیر سے کیا گیا دعویٰ نہ صرف ناقابلِ فہم ہے بلکہ وقت کے لحاظ سے بھی بےمعنی ہے، حقیقت یہ ہے کہ سینیئر بھارتی فوجی افسران کے ذریعہ بھارتی سیاستدانوں (حکمرانوں) کی سٹریٹجک ناکامی کو چھپانے کی کوششیں کی جا رہیں ہے۔

خواجہ آصف نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے دعویٰ کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ 3 ماہ تک بھارت کی جانب سے اِس نوعیت کا کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا جبکہ پاکستان نے فوری طور پر بین الاقوامی میڈیا کو تفصیلی تکنیکی بریفنگ دی تھی، آزاد مبصرین اور عالمی راہنماؤں کے علاوہ سینیئر بھارتی سیاستدانوں اور غیر ملکی انٹیلیجنس ذرائع نے بھی اِس بات کا اعتراف کیا کہ رافیل سمیت متعدد بھارتی لڑاکا طیارے نقصان کا شکار ہوئے، اِس دوران بھارت ایک بھی پاکستانی طیارہ مار گرانے میں کامیاب نہ ہو سکا جبکہ پاکستان نے بھارت کے 6 جنگی طیارے، ایس 400 ایئر ڈیفینس سسٹم اور متعدد بھارتی ڈرونز تباہ کیے اور کئی بھارتی ایئر بیسز کو فوری طور پر غیر فعال کر دیا۔

خواجہ آصف نے چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی مسلح افواج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا مگر اِس کا اعتراف دہلی کی سیاسی قیادت نہیں کرنا چاہتی، اگر بھارت سچ پرکھنے کا اتنا ہی خواہاں ہے تو دونوں ممالک اپنے طیاروں کی جانچ آزاد ماہرین کے سپرد کریں تاکہ سچ سامنے آ سکے تاہم (بھارت کو) خدشہ ہے کہ اِس عمل سے وہ حقائق آشکار ہوں گے جنہیں بھارت ہر قیمت پر چھپانا چاہتا ہے۔

حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ آصف نے کہا کہ جنگیں جھوٹے بیانیہ سے نہیں بلکہ اخلاقی برتری، قومی عزم اور پیشہ ورانہ مہارت سے جیتی جاتی ہیں، سیاسی مفادات کیلئے تراشے گئے بھارتی مضحکہ خیز بیانیے ایٹمی خطہ میں تزویراتی غلط فہمیوں اور مہلک تصادم کے خطرات کو بڑھا سکتے ہیں۔

پاکستان کے وفاقی وزیرِ دفاع نے واضح کیا ہے کہ ’’آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کے دوران بھی واضح ہو چکا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی ہر خلاف ورزی پر فوری، یقینی اور متناسب ردعمل دیا جائے گا اور مستقبل میں کسی بھی کشیدگی کی مکمل ذمہ داری اُن بھارتی راہنماؤں پر عائد ہو گی جو وقتی سیاسی مفادات کیلئے جنوبی ایشیاء کے امن کو داؤ پر لگاتے ہیں۔

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: