امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا

امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اُس کے ذیلی گروہ ’’مجید بریگیڈ‘‘ کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیم (ایف ٹی او) قرار دے دیا۔ مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کے پہلے سے موجود خصوصی عالمی دہشتگرد (ایس ڈی جی ٹی) درجہ میں بطور عرف شامل کر دیا گیا۔

واشنگٹن ڈی سی (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اُس کے ذیلی عسکری گروہ ’’مجید بریگیڈ‘‘ کو باضابطہ طور پر فارن ٹیررسٹ آرگنائزیشن — غیر ملکی دہشتگرد تنظیم (ایف ٹی او) قرار دے دیا ہے۔ اِس فیصلے کے تحت ’’مجید بریگیڈ‘‘ کو ’’بی ایل اے‘‘ کے پہلے سے موجود سپیشلی ڈیزیگنیٹیڈ گلوبل ٹیررسٹ — خصوصی عالمی دہشت گرد (ایس ڈی جی ٹی) کے درجہ میں بطور عرف شامل کیا گیا ہے۔

بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو 2019 میں اُس وقت ’’ایس ڈی جی ٹی‘‘ قرار دیا گیا تھا جب اُس نے متعدد دہشتگرد حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی، تنظیم کی کارروائیاں 2019 کے بعد سے جاری رہیں جن میں مجید بریگیڈ کی شمولیت بھی سامنے آئی ہے۔ بی ایل اے نے 2024 میں کراچی ائیر پورٹ کے قریب اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔ اِس گروہ نے مارچ 2025 میں جعفر ایکسپریس ٹرین کے ہائی جیکنگ واقعہ کی ذمہ داری بھی قبول کی جس میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین پر حملے کے دوران 31 شہری اور سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے جبکہ 300 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ٹرمپ انتظامیہ کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد تنظیموں کی نامزدگی دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں ایک اہم ہتھیار ہے جس سے اِن گروہوں کی مالی اور لاجسٹک معاونت کو محدود کرنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ فیصلہ امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ کی شق 219 اور ایگزیکٹیو آرڈر 13224 کے تحت کیا گیا ہے اور اِس کا اطلاق فیڈرل رجسٹر میں اشاعت کے بعد ہو گا۔

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: