پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن، حکومت ہر لمحہ عوام کے ساتھ، مریم نواز

پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا گیا، جس میں ہزاروں انسانی جانیں اور ساڑھے چار لاکھ سے زائد مویشی محفوظ بنائے گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب ہر لمحہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ریلیف آپریشن میں کسی قسم کی کمی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈرونز کے ذریعے امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔

لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں حکومت اور عوام ایک ہیں۔ تاریخ کے بدترین سیلاب میں بروقت کارروائی کے ذریعے ہزاروں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ ساڑھے چار لاکھ سے زائد مال مویشیوں کو بھی محفوظ بنایا گیا، جو عوامی خدمت کی ایک غیرمعمولی مثال ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، سول ڈیفنس، پولیس، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، لائیوسٹاک اور زراعت سمیت ہر ادارے نے دن رات ایک کر کے “ٹیم پنجاب” بن کر کام کیا ہے۔ “میں ان سب کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ ہم سب عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اور ریلیف آپریشن میں کسی قسم کی کمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔”

انہوں نے کہا کہ متاثرہ عوام کی مدد کیلئے مالی وسائل کی کوئی رکاوٹ نہیں رکھی جائے گی۔ “ریلیف کے کام کیلئے جتنے وسائل چاہئیں، ہر صورت فراہم کیے جائیں گے۔”

کرتارپور میں بروقت کارروائی

مریم نواز نے بتایا کہ کرتارپور میں سکھ برادری کی مقدس عبادت گاہ بارہ فٹ پانی میں ڈوب گئی تھی، تاہم صرف چوبیس گھنٹوں میں وہاں سے پانی نکال کر جگہ کو خشک کیا گیا تاکہ زائرین اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ اس اقدام پر سرحد پار سے بھی شکریہ اور تحسین کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

پاک فوج کا کردار

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے جہاں بھی ضرورت پیش آئی، حکومت پنجاب کو فوری اور بھرپور تعاون فراہم کیا۔ “ریلیف سرگرمیوں کی کامیابی میں فوج کے جوانوں نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔”

جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

مریم نواز نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کا دور ہے اور پنجاب کے کئی اضلاع میں تھرمل ڈرونز کے ذریعے سیلاب میں پھنسے لوگوں کو ٹریک کر کے ریسکیو کیا گیا۔ “ہمیں ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کا مزید استعمال بڑھانا ہوگا تاکہ متاثرین کو بروقت ریسکیو، امداد اور خوراک فراہم کی جا سکے۔ اس حوالے سے کل تک مجھے جامع فوٹیج اور رپورٹ پیش کی جائے۔”

عوام کے ساتھ وعدہ

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ حکومت پنجاب ہر لمحہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ “یہ صوبہ صرف بنیادی گورننس تک محدود نہیں، یہاں وزیراعلیٰ سے لے کر ہر ادارہ عوام کا جوابدہ ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: