بیجنگ (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات، دونوں راہنماؤں کی جانب سے پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار، ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی بیجنگ میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہوئی ہے جبکہ اِس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور وزیراعظم شہباز شریف نے گرمجوشی کے ساتھ مصافحہ کیا، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
روسی صدر پیوٹن نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، پاکستان کو اِس وقت قدرتی آفات کا سامنا ہے، پاکستان میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات پر افسوس ہے، امید ہے پاکستانی حکومت سیلابی صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گی۔
ولادیمیر پیوٹن کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں مختلف شعبوں میں مل کر آگے بڑھنا ہے، دونوں ممالک مختلف امور کے حوالہ سے اقوامِ متحدہ سمیت عالمی فورمز میں یکساں مؤقف رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں معمولی کمی آئی جس کو بہتر کرنے کی ضروت ہے۔
اِس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک روس تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان خطہ میں امن اور ترقی و خوشحالی کا فروغ چاہتا ہے، روسی صدر خطہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ہم روس کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ملاقات کے دوران پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کو نومبر میں ماسکو میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس (ایس سی او سمٹ) میں شرکت کی دعوت بھی دی۔