ترک فضائیہ کے سربراہ کا دورہ پاکستان، پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین

ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل ضیا جمال اوغلو کی ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات، حالیہ بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے دفاعِ خودمختاری میں غیر معمولی عزم اور کارکردگی کو سراہا، دونوں ممالک کا مشترکہ تربیت اور دفاعی تعاون بڑھانے کا عزم۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل ضیا جمال قادی اوغلو کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ وفد کی آمد پر پرتپاک اور شایانِ شان استقبال کیا گیا اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، جاری دفاعی تعاون میں پیش رفت اور جدید جنگ کے نئے میدانوں میں مشترکہ شمولیت کے امکانات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ایئر چیف مارشل نے اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا جو مشترکہ مذہبی اقدار، یکساں امنگوں اور اسٹریٹجک ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اکیڈمی اصغر خان میں ترک کیڈٹس کے پہلے بیچ کی آمد دونوں فضائی افواج کے درمیان دیرپا تعلقات میں ایک سنگِ میل ہے، جو باہمی اعتماد اور نئی نسل کے ہوا بازوں کی تیاری کے مشترکہ وژن کی علامت ہے۔ دونوں فضائی سربراہان نے مشترکہ تربیت، مشقوں اور ملٹی ڈومین آپریشنز پر خصوصی زور دیتے ہوئے تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جنرل ضیا جمال قادی اوغلو نے پاک فضائیہ کی شاندار عملی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعے کے دوران ایئر چیف کی بصیرت افروز قیادت میں پاک فضائیہ نے قومی خودمختاری کے دفاع میں غیر معمولی تیاری اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کثیرالجہتی جنگی حکمت عملی کے حوالے سے پاک فضائیہ کے تجربات اور طریقہ کار سے سیکھنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی تاکہ ترک فضائیہ اپنے دفاعی نظریے کو مزید مستحکم بنا سکے۔

ترک فضائیہ کے سربراہ نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے قیام اور فضائیہ کی خود انحصاری پر مبنی ایرو اسپیس جدت و ٹیکنالوجی میں پیش رفت کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں جانب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے ایک متحدہ ٹیم کے طور پر آگے بڑھیں گے اور عملی مہارت و علم کے تبادلے کو مزید گہرا کریں گے۔

ترک فضائیہ کے سربراہ کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا یہ دورہ پاکستان اور ترکی کے درمیان اسٹریٹجک تعاون بڑھانے، دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں برادر ملکوں کی مسلح افواج کے مابین ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کے باہمی عزم کی واضح علامت ہے۔

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: