واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
واشنگٹن میں ہونے والی اس اعلیٰ سطحی ملاقات کا ماحول خوشگوار اور پُراعتماد رہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات، پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت۔ ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بھی شرکت۔ pic.twitter.com/SJMzCquLZb
— The Thursday Times (@thursday_times) September 26, 2025
صدر ٹرمپ نے اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’’عظیم رہنما‘‘ قرار دیا اور ان کی قیادت کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات میں صدر ٹرمپ کو ’’امن کا علمبردار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ جیسے بڑے بحران کو ٹال کر جنوبی ایشیا کو تباہی سے بچایا۔
ہمارے پاس ایک عظم رہنما وزیراعظم پاکستان شہباز شریف آرہے ہیں، انکے ساتھ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ہیں جو ایک بہت عظیم شخصیت ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ pic.twitter.com/H3dUzlj0To— The Thursday Times (@thursday_times) September 25, 2025
وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا، خاص طور پر ان کی حالیہ کوشش کو جس کے تحت نیویارک میں مسلم دنیا کے اہم رہنماؤں کو اکٹھا کیا گیا تاکہ غزہ اور مغربی کنارے میں امن بحالی کیلئے مشترکہ حکمت عملی طے کی جا سکے۔
وزیراعظم نے اس سال کے آغاز میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے ٹیرف معاہدے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور امریکی کمپنیوں کو زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں سلامتی، انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے انسداد دہشت گردی کردار پر صدر ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے عوامی اعتراف کا خیرمقدم کیا۔