اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ حالیہ صورتحال کے بعد پاکستان اب مزید غیریقینی حالات برداشت نہیں کر سکتا۔ ملک میں پچاس سال سے مقیم افغان مہاجرین کی وطن واپسی ناگزیر ہے اور پاک افغان سرحد کو مکمل طور پر کنٹرول میں لایا جائے گا تاکہ غیرقانونی آمد و رفت، اسمگلنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور معیشت اولین ترجیح ہے۔ جو عناصر ہماری سرزمین پر رہ کر دہشت گردی کر رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ افغان مہاجرین کی طویل موجودگی کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے اور ان کی منظم واپسی پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کے کئی اہم شعبے جیسے تنور، ٹرانسپورٹ، تعمیرات اور ٹھیکیداری غیرقانونی قبضے میں ہیں جنہیں واپس لینا ہوگا تاکہ مقامی لوگوں کو روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع مل سکیں۔
وزیر دفاع نے کہا پاکستان کے قانون اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنی مرضی سے سرحد عبور کرے یا ملک کے اندر غیرقانونی کاروبار اور دہشت گردی میں ملوث ہو۔