ڈھاکہ (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ہفتہ کی شام اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس جمنہ میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی۔ پاکستان کے کسی اعلیٰ فوجی عہدیدار کا گزشتہ 54 برس میں یہ پہلا دورہ ہے، جسے بدلتے ہوئے علاقائی حالات میں نہایت اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں پاکستان۔بنگلہ دیش تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی جن میں تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات شامل تھے۔ مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عوامی روابط کو تعلقات کی مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے دونوں فریقین نے قریبی شراکت داری جاری رکھنے پر زور دیا۔
Chairman, Joint Chiefs of Staff Committee of Pakistan Calls on Chief Adviser
DHAKA, October 26: The visiting Chairman of Pakistan’s Joint Chiefs of Staff Committee (CJCSC), General Sahir Shamshad Mirza, paid a courtesy call on Chief Adviser Professor Muhammad Yunus at the State… pic.twitter.com/A9QmFMHk4F
— Chief Adviser of the Government of Bangladesh (@ChiefAdviserGoB) October 26, 2025
پروفیسر محمد یونس کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، رابطہ سازی اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی۔چٹاگانگ شپنگ روٹ فعال ہو چکا ہے جبکہ ڈھاکہ۔ کراچی فضائی رابطہ بھی جلد بحال ہونے کی توقع ہے۔
عالمی اور علاقائی سکیورٹی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ اور یورپ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور قیامِ امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید کہا گیا کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور گمراہ کن مہمات نے عالمی امن و استحکام کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔
پروفیسر محمد یونس کے مطابق، سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کا پھیلاؤ ایک سنگین مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔
ملاقات میں نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر خلیل الرحمان، سینیئر سیکریٹری و ایس ڈی جی کوآرڈینیٹر لمیا مرشد اور پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی شریک تھے۔





