لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد صوبائی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر کے دوران جو وعدے کیے تھے اُن میں سے کم و بیش 90 وعدوں پر نہ صرف واقعتاً عمل درآمد شروع کیا گیا ہے بلکہ اکثر وعدے تکمیل کے مراحل میں بھی پہنچ چکے ہیں۔
مریم نواز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی ترقی، شفافیت اور عوامی خدمت پر مبنی طرزِ حکمرانی کو اپنی ترجیح بنایا۔ اُنہوں نے فلاحی اسکیموں سے لے کر جدید ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت، زراعت، اور انفراسٹرکچر تک ہر شعبے میں ایک متوازن اور جامع ترقیاتی ماڈل متعارف کروایا ہے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی، فری سولر پینل پروگرام، کلینک آن وہیلز، ہونہار اسکالرشپ، کسان و لائیو اسٹاک کارڈ، اور الیکٹرو بسز جیسے منصوبے مریم نواز کے ویژن کی عکاسی کرتے ہیں جو ایک ایسے پنجاب کی تعمیر چاہتے ہیں جو خود کفیل، بااختیار، اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔ یہ اقدامات نہ صرف صوبے کی معیشت کو مضبوط بنا رہے ہیں بلکہ عوامی فلاح، روزگار کے مواقع اور سماجی استحکام کے نئے دروازے بھی کھول رہے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری پنجاب حکومت کے یوٹیوب چینل کے ذریعہ ایسے پروجیکٹس اور پروگرامز کی تفصیلات فراہم کرتی ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کیے گئے ایسے وعدوں کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں۔
لائیو سٹاک کارڈ
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے 9 جنوری 2025 کو پاکپتن میں کسانوں کیلئے لائیو سٹاک کارڈ لانچ کیا، لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعہ کسانوں کو 4 ماہ کیلئے بغیر سود قرضے دینے کا آغاز ہوا اور فی مویشی 27 ہزار بلا سود قرض دینے کا اعلان کیا گیا، چیف منسٹر لائیو سٹاک کارڈ کیلئے 4 اعشاریہ 4 ارب روپے فوری مختص کیے گئے جبکہ 91 ہزار 907 جانوروں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی۔
کسان کارڈ
پنجاب کے کسانوں کیلئے اکتوبر 2024 میں کسان کارڈ کا اجرا کیا گیا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاشت کاروں میں کسان کارڈز تقسیم کیے، مڈل مین کی بجائے براہِ راست کسانوں تک پہنچ کر انہیں ڈیڑھ لاکھ روپے تک بلاسود قرضے اور ٹریکٹر دینے کا آغاز ہوا۔
ٹی کیش کارڈ
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستمبر 2025 میں صوبے بھر میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ٹی کیش کارڈ کا باقاعدہ اجراء کر دیا جس کا مقصد شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں کرائے کی ادائیگی کا جدید، آسان اور بغیر نقدی کا نظام فراہم کرنا ہے، یہ سمارٹ ری چارج ایبل کارڈ پنجاب کے تمام بڑے شہری ٹرانزٹ سسٹمز (جیسے میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین، سپیڈو بس، الیکٹرو بس اور دیگر مربوط سروسز) میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ڈائیلسز کارڈ
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نومبر 2024 میں ’’چیف منسٹر ڈائیلسز پروگرام کارڈ‘‘ کی منظوری دیتے ہوئے ڈائیلسز کے ہر مریض کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے مختص کر دیئے، پنجاب میں امراض گردہ میں مبتلا ہر مریض کیلئے ساڑھے 8 لاکھ روپے ڈائیلسز کی مد میں اور ڈیڑھ لاکھ روپے ٹیسٹ وغیرہ کیلئے مختص کر دیئے گئے۔
چائلڈ ہارٹ سرجری پروگرام
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستمبر 2024 میں دل کے مریض بچوں کے مفت علاج اور آپریشن کی فراہمی سے متعلق ’’چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام‘‘ کا باقاعدہ طور پر افتتاح کیا اور چائلڈ سرجری کارڈ تقسیم کیے۔
ائیر ایمبولینس
گزشتہ برس مئی میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ میں ائیر ایمبولینس سروس جلد شروع کرنے کا حکم دیا جس کے بعد جولائی میں پنجاب نے ملکی تاریخ کی پہلی سرکاری ائیر ایمبولینس کا آغاز کیا، پہلی سروس کے دوران میانوالی میں چھت سے گر کر زخمی ہونے والی خاتون کو ائیر ایمبولینس کے ذریعہ راولپنڈی منتقل کیا گیا۔
کلینک آن وہیلز
چیف منسٹر پنجاب نے مئی 2024 میں کلینک آن وہیلز کا افتتاح کیا۔ کلینک آن وہیلز میں میڈیکل ٹیسٹ، مفت ادویات اور سکریننگ کی سہولیات موجود ہیں جس سے لاکھوں افراد استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔
فیلڈ ہاسپٹلز
گزشتہ سال یکم مئی کو مریم نواز شریف نے فیلڈ ہاسپٹلز پروجیکٹ کا افتتاح کیا جس کے تحت صحت کی سہولیات دیہی اور دور دراز علاقوں میں لوگوں کی دہلیز پر پہنچ رہی ہیں۔ فیلڈ ہاسپٹلز میں او پی ڈی، حفاظتی ٹیکہ جات اور زچہ بچہ کی سہولیات موجود ہیں، فیلڈ ہاسپٹل میں لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی موجود ہوتی ہیں جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں سرجری کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔
کلینک آن بوٹس
حالیہ سیلاب کے دوران وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں کشتیوں پر ہاسپٹل بنا دیا گیا، پنجاب ہیلتھ ٹیم صوبہ بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مصروفِ عمل رہی، سیلاب متاثرہ علاقوں میں 968 کلینک آن وہیلز اور میڈیکل ریلیف کیمپس قائم کیے گئے جبکہ کلینک آن بوٹس جیسا انقلابی قدم بھی اٹھایا گیا جس سے سیلاب سے متاثرہ ہزاروں خواتین، بچے اور بوڑھے افراد مستفید ہوئے۔
دھی رانی پروگرام
رواں برس جنوری میں سی ایم پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے ’’پنجاب دھی رانی پروگرام‘‘ کا آغاز کیا، پروگرام کا آغاز لاہور میں 51 اجتماعی شادیوں سے ہوا، نوبیاہتا جوڑوں میں پانچ کرسچین دولہے اور دلہنیں بھی شامل تھیں، تقریب کے دوران مریم نواز نے فرداً فرداً تمام جوڑوں کو مبارک دی اور دلہنوں کو پیار کیا۔
ہونہار سکالرشپ پروگرام
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دسمبر 2024 میں طلباء طالبات کیلئے 130 ارب روپے کے ہونہار سکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت پہلے مرحلہ میں صوبہ کے 30 ہزار طلباء و طالبات کو سکالرشپس دی گئیں جبکہ اگست 2025 میں دوسرے مرحلہ کا آغاز کرتے ہوئے پورٹل اوپن کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سولر پینلز پروگرام
سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کے تحت ایک سال میں 94 ہزار 483 سولر سسٹمز لگائے جانے کا اعلان کیا گیا۔ بعدازاں پنجاب میں زراعت، شمسی توانائی اور صنعتی انقلاب کیلئے بڑے فیصلے کرتے ہوئے 28 فروری تک 10 ہزار ٹریکٹرز، مارچ تک مزید 2 ہزار سپر سیڈرز رعایتی قیمت پر کسانوں کو دینے کی ہدایت کر دی جبکہ شہریوں کو مفت شمسی توانائی دینے کی سکیم میں مزید تیزی اور وسعت لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اپنی چھت اپنا گھر
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تاریخی پروگرام ’’اپنا گھر اپنی چھت‘‘ کے تحت صوبہ بھر میں 9 ہزار سے زائد افراد کو ساڑھے 8 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ اکثر گھروں کی تعمیر مکمل بھی ہو چکی ہے، پروگرام نے ابتدائی چند ماہ کی قلیل مدت میں ساڑھے 8 ارب روپے کے مائیکروفنانس قرضے جاری کرنے کا منفرد ریکارڈ قائم کیا، پہلے مرحلے میں 5 ہزار قرضے جاری کیے گئے جبکہ دوسرے مرحلے میں 3 ہزار مزید قرضوں کا اجراء کیا گیا۔
اپنی زمین اپنا گھر
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’’اپنا گھر اپنی چھت‘‘ کے بعد ’’اپنی زمین اپنا گھر‘‘ سکیم کا اعلان کیا جس کے تحت پنجاب کے 19 اضلاع میں 23 ہاؤسنگ سکیمز میں 2 ہزار پلاٹس دینے کا آغاز کیا گیا۔
ای ٹیکسی
پنجاب حکومت نے ماحول دوست روزگار منصوبہ کا اعلان کرتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے 65 لاکھ روپے تک کی فنانسنگ کا فیصلہ کیا، لاہور میں ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کیلئے 1100 گاڑیوں کی دستیابی کا ورکنگ پیپر تیار کیا گیا جبکہ اعلان کیا گیا کہ پروگرام کے تحت 7 اقسام کی 40 لاکھ سے ایک کروڑ روپے مالیت تک کی گاڑیاں دستیاب ہو سکیں گی۔
گرین بائیکس
مریم نواز شریف جولائی 2024 میں جام پور کے کالج کی طالبہ کو سب سے پہلے ای بائیک کی علامتی چابی دیکر چیف منسٹر یوتھ اینیشیئیٹو ای بائیک پروگرام کا افتتاح کیا، انہوں نے وہیکل انسپکشن رجیم برائے پرائیویٹ وہیکل پروجیکٹ کا آغاز کیا اور پنجاب میں پہلے ای لوڈر رکشہ منیو فیکچرنگ لائسنس بھی دیا۔
وزیرِ اعلیٰ لیپ ٹاپ سکیم
چیف منسٹر پنجاب نے لیپ ٹاپ سکیم کا اعلان کرتے ہوئے 50 ہزار جدید لیپ ٹاپ ذہین طلباء میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا جبکہ سالانہ بنیاد پر 2000 لیپ ٹاپس دینے کا اعلان کیا گیا۔
سولر ٹیوب ویلز
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی پنجاب حکومت نے سولر ٹیوب ویل کو فروغ دینے کا آغاز کیا جس کے تحت زرعی ٹیوب ویل کیلئے سبسڈی پروگرام تشکیل دیا گیا، زرعی ٹیوب ویل کے منصوبہ کے تحت پنجاب میں 8 ہزار زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے 9 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔
سڑکیں بحال پنجاب خوشحال
گزشتہ سال مارچ میں مریم نواز شریف کی ہدایت پر ’’سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال‘‘ پروجیکٹ شروع کیا گیا جس کے تحت چھوٹی بڑی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کیلئے ڈیڈ لائن دی گئی، پروگرام کے تحت متعدد سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل ہو چکا جبکہ کئی شہروں میں سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔
آسان کاروبار فنانس
رواں برس جنوری میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صوبہ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور سب سے بڑی کاروبار فنانس سکیم کا اجرا کیا، اسکیم کے لیے 84 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں، سکیم کیلئے 48 ارب روپے سے زائد رکھے گئے جبکہ سکیم کے تحت 36 ارب روپے سے زائد بلا سود قرض فراہم کرنے اعلان کیا گیا۔
آسان کاروبار کارڈ
آسان کاروبار کارڈ کے تحت چھوٹے کاروباروں کو بلا سود قرض فراہم کرنے کا آغاز کیا جس کے ذریعہ 10 لاکھ روپے تک کا قرض مل سکتا ہے جو 3 سال کی آسان ماہانہ اقساط میں واپس کرنا ہوتا ہے، یہ پروگرام چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو فروغ دینے کیلئے ہے جبکہ پنجاب کا کوئی بھی مرد، خاتون، ٹرانسجینڈر یا خصوصی افراد درخواست دے سکتا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب ٹرانسپلانٹ پروگرام
رواں برس فروری میں عام آدمی کیلئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب ٹرانسپلانٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا جس کے تحت 5 بالکل مفت ٹرانسپلانٹ آپریشنز شامل ہیں۔ ان میں جگر ٹرانسپلانٹیشن، گردوں کی پیوند کاری ، بون میرو ٹرانسپلانٹ، کوکلیئر امپلانٹ اور کورنیا کی پیوند کاری شامل ہے۔
الیکٹرو بسز
گزشتہ ماہ مریم نواز شریف نے جدید ترین الیکٹرو بس پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا، ماحول دوست اور گرین پاکستان الیکٹرو بسز سب سے پہلے ساہیوال پہنچائی گئیں جن میں ہر سٹاپ کا کرایہ 20 روپے مقرر کیا گیا۔ الیکٹرو بس میں وائی فائی، موبائل چارجنگ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جبکہ خواتین کیلئے الگ کمپارٹمنٹ مختص کیا گیا ہے۔
مریم کی دستک
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ’’مریم کی دستک پروگرام‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو گھر بیٹھے سرکاری خدمات فراہم کی جا سکیں، پروگرام کے تحت 70 سے زائد عوامی اور کاروباری خدمات دستیاب ہیں جن کیلئے شہری دستک موبائل ایپ کے ذریعہ رابطہ کر سکتے ہیں، ابتدائی طور ہر پنجاب کے مُختلف اضلاع میں متعارف ہونے والے پروگرام کا دائرہ کار بتدریج پورے صوبہ میں بڑھایا جا رہا ہے۔
ستھرا پنجاب
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ’’ستھرا پنجاب مہم‘‘ کا مقصد صوبہ کے تمام شہروں اور دیہاتوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا ہے، پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کی مہم جاری ہے جس میں گرینڈ صفائی آپریشن اور زیرو ویسٹ سرگرمیاں شامل ہیں جبکہ ان کا مقصد شہروں کو گندگی اور تجاوزات سے پاک کرنا ہے، مہم میں حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ شہری اور دیہی آبادی کے تعاون کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔
نگہبان رمضان
نگہبان رمضان پیکیج کے تحت گزشتہ برس پنجاب بھر میں مستحق خاندانوں کو ماہِ رمضان کے دوران مفت راشن فراہم کیا گیا۔ پیکیج کے تحت ہر مستحق خاندان کو دو آٹے کے تھیلے، دالیں، کوکنگ آئل اور دیگر اشیائے خورد و نوش فراہم کی گئیں۔
گرین ٹریکٹر سکیم
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کیلئے صوبائی حکومت کے پیکیج کے تحت گرین ٹریکٹر سکیم لانچ کی جس کے تحت اوکاڑہ میں 339 اور چکوال میں 111 اور ڈیرہ غازی خان میں 276 کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹر دینے کا اعلان کیا گیا، سکیم کے تحت ساڑھے 9 ہزار کاشتکاروں کو ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے 25 سے 50 ایکڑ اراضی پر گندم کے کاشتکاروں کو ایک ہزار گرین ٹریکٹر قرعہ اندازی کے ذریعہ مفت دینے کا اعلان کیا۔
کھیلتا پنجاب گیمز
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ میں کھیلتا پنجاب گیمز کا آغاز کیا جس کے تحت مختلف اضلاع میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ کامیاب ہونے والوں کو ای بائیک سمیت مختلف انعامات سے نوازا جاتا ہے۔
پنک گیمز
پنک گیمز سپورٹس بورڈ پنجاب کے تحت صوبہ میں خواتین کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جس کا باقاعدہ افتتاح مئی 2024 میں گیا گیا جس میں 16 یونیورسٹیز کی خواتین کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔
میل نیوٹریشن پروگرام
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے میل نیوٹریشن پروگرام کے تحت نرسری سے پانچویں جماعت تک بچوں روزانہ کی بنیاد پر دودھ فراہم کیا جاتا ہے، پروگرام کا مقصد بچوں کو تمام ضروری نیوٹریشن فراہم کرنا ہے۔
ایگریکلچر گریجویٹ انٹرنشپ پروگرام
پنجاب حکومت نے ایگریکلچر گریجویٹ انٹرنشپ پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت زرعی گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار روپے کا وظیفہ دینے کا اعلان کیا گیا، پروگرام میں بی ایس سی ایگریکلچر اور بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچر انجینیرنگ کے طلباء اہل ہیں۔
فلڈ ریلیف کارڈ
پنجاب میں حالیہ سیلاب کے دوران وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے سیلاب زدگان کیلئے خصوصی کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا جس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، سکیم کے تحت متاثرہ خاندان اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے کارڈ کے ذریعے رقم نکلوا سکتے ہیں۔
پرواز کارڈ
پنجاب حکومت نے صنعتی ترقی کیلئے انڈسٹری کا نیا سروے کرانے اور ہنرمند نوجوانوں کیلئے مریم نواز فری پرواز کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ائیر پنجاب
مریم نواز شریف نے ایئر پنجاب کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کا حکم دیا ہے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے ایئر پنجاب کے فیز ون کیلئے کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب ٹرین
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رواں برس اپریل میں ایک اجلاس کے دوران لاہور سے راولپنڈی تک بلٹ ٹرین پروجیکٹ کی اصولی منظوری دی ہے جس پر کام جاری ہے۔
نواز شریف آئی ٹی سٹی
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مئی 2024 میں لاہور میں پہلی آئی ٹی سٹی کی کمرشل لانچنگ کی جبکہ اسے 10 برس کیلئے ٹیکس فری کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
نواز شریف کینسر ہاسپٹل
گزشتہ برس اکتوبر میں چیف منسٹر پنجاب نے پہلی اینٹ رکھ کر پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑے اور پہلے سرکاری کینسر ہاسپٹل کا سنگِ بنیاد رکھا، نواز شریف کینسر ہاسپٹل میں کینسر کے لیول تھری اور لیول فور مریضوں کا بھی مفت علاج ہو گا۔
نواز شریف کارڈیالوجی ہاسپٹل سرگودھا
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرگودھا میں نواز شریف کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، دل کے مریضوں کے علاج کیلئے زیرِ تعمیر کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کی تکمیل دسمبر 2025 تک متوقع ہے۔
فرسٹ آٹزمز سکول
پنجاب میں آٹزم کا شکار غریب بچوں کو مفت تھراپی اور تعلیم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، غریب بچوں کو مریم نواز آٹزم سکول میں مکمل طور پر مفت تھراپی اور تعلیم دی جائے گ جبکہ خصوصی بچوں کو ہمت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے اور دنیا بھر سے بہترین ماہرینِ آٹزم کی خدمات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیسن فری ہوم ڈیلیوری
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پنجاب میں ہیپاٹائٹس، دل اور ٹی بی کے مریضوں کو ادوات ان کے گھروں پر مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
ورچوئل وومن پولیس سٹیشن
گزشتہ برس اپریل میں مریم نواز شریف نے لاہور میں ملک کے پہلے ورچوئل وومن پولیس سٹیشن ’’میری آواز مریم نواز‘‘ کا افتتاح کیا۔
پنک ای لائسنس وینز
پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں خواتین کیلئے خصوصی پنک وینز کا آغاز کیا۔
میرا پیارا
گمشدہ افراد کو لواحقین تک پہنچانے کیلئے چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ گمشدہ افراد کے لواحقین پنجاب پولیس ایپ میں میرا پیارا فیچر سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔
فرسٹ انوائرمنٹ پالیسی
رواں برس اپریل میں محترمہ مریم نواز شریف نے پہلے اور منفرد انوائرمنٹ پروٹیکشن سکواڈ کا آغاز کیا، انوائرمنٹ پروٹیکشن فورس کا ای بائیکس سکواڈ ایکوفرینڈلی یونٹ کے طور پر کام کر رہا ہے۔ گرین سکواڈ اربن ایریا میں اینٹی پلاسٹک کمپین، ڈسٹ اور ڈینگی کنٹرول کیلئے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی پنجاب حکومت نے منشیات کے سدباب کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے صوبہ میں کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) قائم کی ہے۔
پیرا فورس
چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف نے یتیموں، بیواؤں اور غرباء کی زمینوں پر قبضوں اور غیر قانونی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے پیرا فورس تشکیل دی ہے جو صوبہ بھر میں غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
مری ڈویلپمنٹ پلان
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 167 سال بعد مری کے تاریخی مال روڈ کی توسیع اور بحالی کے بڑے منصوبے کی منظوری دی جس کے مطابق 550 ملین روپے کی لاگت سے منصوبے پر والڈ سٹی اتھارٹی لاہور عملدرآمد کرانے میں مصروف ہے۔
ہمت کارڈ
گزشتہ برس اکتوبر میں محترمہ مریم نواز شریف نے سپیشل افراد کیلئے ہمت کارڈ متعارف کروایا جس کے تحت 65 ہزار نادار سپیشل افراد کو ہر سہ ماہی میں ساڑھے دس ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
شریمپس فارمنگ پروجیکٹ
محکمہ فشریز پنجاب کے زیرِ اہتمام شریمپ (جھینگے) فارمنگ پائلٹ پروجیکٹ 2 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔
سموگ ہاٹ لائن
گرین پنجاب ایپ؛ چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کی پہلی سموگ ہاٹ لائن اور پہلی گرین پنجاب ایپ کا افتتاح کیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ پلان
گزشتہ برس جون میں چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دی۔
آرمز فری پنجاب
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے خصوصی مہم جاری ہے۔
مریم نواز فری وائی فائی
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے گزشتہ برس اپریل میں شہریوں کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے لاہور کے 50 مقامات پر مفت وائی فائی سروسز کا آغاز کیا گیا۔
پینک بٹن
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جرائم کی روک تھام کیلئے خصوصی پینک بٹن نصب کیے گئے ہیں جن کے ذریعہ چوروں و دیگر جرائم سے تحفظ کیلئے فوری طور پر مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
مینارٹی کار
رواں برس جنوری میں چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف نے تاریخ میں پہلی مرتبہ مینارٹی کارڈ کا اجراء کیا، مینارٹی کارڈ کے تحت 50 ہزار خاندانوں کو ہر سہ ماہی ساڑھے 10 ہزار روپے مہیا کیے جانے کا اعلان کیا گیا جبکہ خاندانوں کی تعداد کو 70 ہزار تک بڑھائے جانے پر کام جاری ہے۔
دیوالی گرانٹ
رواں برس وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ہندو برادری کے مذہبی تہوار ’’دیوالی‘‘ کے موقع پر امدادی گرانٹس تقسیم کرنے کی تقریب میں ہولی گرانٹس کے چیک ہندو برادری میں تقسیم کیے گئے۔ ضلع کے 600 ہندو خاندانوں میں فی کس 15 ہزار مجموعی طور پر 90 لاکھ مالیت کے چیک تقسیم کیے گئے۔
ایسٹر گرانٹ
گزشتہ برس ایسٹر کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صفدر آباد کے گھروں میں جا کر مسیحی گھرانوں میں ایسٹر گرانٹ کے چیکس تقسیم کیے۔
گرین کریڈٹ پروگرام
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گرین کریڈٹ پروگرام کا مقصد شہریوں کو ماحولیاتی تحفظ میں حصہ ڈالنے پر انعامات دینا ہے، اس پروگرام کے تحت شہریوں کی جانب سے کی جانے والی 38 مختلف ماحولیاتی سرگرمیوں کیلئے گرین کریڈٹ دیئے جا رہے ہیں۔
راشن کارڈ
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 40 ارب روپے کی لاگت کے راشن کارڈ پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت ساڑھے 12 لاکھ محنت کش خاندانوں کو ماہانہ تین ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ 40 ہزار کان کنوں کو بھی راشن کارڈ فراہم کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ڈیڑھ لاکھ ملازمین کو راشن کارڈ دینے کا اعلان کیا۔
ماڈل ایگریکلچر مالز
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کسانوں کی سہولت اور زرعی ترقی کیلئے ’’ماڈل ایگریکلچر مالز‘‘ کے قیام کی صورت میں ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے جس کے ذریعہ زرعی مداخل، قرضہ جات، جدید زرعی مشینری، ٹریکٹرز اور دیگر خدمات مہیا کی جائیں گی۔ مشینی کاشت کو فروغ دینے کیلئے جدید ترین زرعی مشینری کرائے پر بھی دستیاب ہوگی جبکہ ڈرون سپرے جیسی جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ماڈل ویلجز
پنجاب حکومت نے ماڈل ویلج پروجیکٹ کے تحت صوبہ کے 2400 دیہاتوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل ویلجز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماڈل ویلجز میں عالمی معیار کے مطابق پختہ گلیوں کی تعمیر، صفائی و ستھرائی اور جدید سینیٹیشن نظام، واٹر سپلائی لائنز اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر بنیادی بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ
آرگنائزڈ کرائمز میں کمی لانے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف نے رواں برس فروری میں پہلے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی منظوری دی جو سا7ت بڑے آرگنائزڈ کرائمز میں کمی کیلئے خدمات سرانجام دے گا۔
پنجاب وائلڈ لائف فورس
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پنجاب وائلڈ لائف نے انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (آئی یو سی این) کے اشتراک سے صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار وائلڈ لائف سروے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد پنجاب میں پائی جانے والی جنگلی حیات کی مختلف انواع کی تعداد کا تخمینہ اور حیاتیاتی تنوع کا جائزہ لینا ہے۔
ای-بز پورٹل
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں ای-بز پورٹل کا آغاز کیا گیا ہے، یہ سنگل ونڈو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کاروبار کے آغاز کیلئے درکار تمام لائسنسز، پرمٹس اور رجسٹریشنز کو ایک ہی درخواست کے ذریعہ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
گلوبل سرٹیفکیشن
چیف منسٹر پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشن منصوبہ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت 10 ہزار نوجوانوں کو 40 سے زائد عالمی تسلیم شدہ سرٹیفکیشنز مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
سیف سٹی ایکسٹینشن پروگرام
مریم نواز شریف کی پنجاب حکومت نے لاہور میں شروع ہونے والے سیف سٹی پروجیکٹ کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا جس کے تحت مزید 19 شہروں میں سیف سٹی کیمرے لگانے کی منظوری دے دی گئی جن میں لودھراں، بہاولنگر، جہلم، وہاڑی، لیہ، تونسہ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ و دیگر شامل ہیں۔ ان 19 شہروں میں 5 ہزار سے زائد کیمروں کی تنصیب کا سلسلہ جاری ہے جبکہ تمام شہروں کے کیمروں کی سینٹرلائزڈ مانیٹرنگ ہیڈ کوارٹر سے ہو گی۔
سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام
پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ میں دو اہم پروگرام شامل ہیں، پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف) نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھانے کیلئے فنڈنگ فراہم کرتا ہے جبکہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز (بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے ساتھ) کروتا ہے۔
پلگ اینڈ پلے گارمنٹ سٹی
گزشتہ برس مئی میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پلگ اینڈ پلے طرز پر پنجاب کا پہلا گارمنٹ سٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس میں ویونگ، ڈائینگ اور دیگر متعلقہ یونٹ قائم ہوں گے، گارمنٹ سٹی میں گرین انرجی/سولر انرجی سسٹمز قائم کیے جائیں گے۔
سی ایم پنجاب سپر سیڈرز پروجیکٹ
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو 5 ارب روپے کے سپر سیڈرز 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کیے گئے ہیں تاکہ فصلوں کی باقیات کو جدید مشینری کے استعمال سے کارآمد بنایا جا سکے۔
میگنیفیشنٹ پنجاب ٹورازم انٹرنشپ پروگرام (ایم پی آئی پی)
نوجوان گریجویٹس کو سیاحت، آثارِ قدیمہ، ثقافت اور ورثہ کے شعبوں میں قابلِ قدر کام کا تجربہ فراہم کرنے کیلئے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے شاندار پنجاب ٹورازم انٹرنشپ پروگرام کا آغاز کیا جس کیلئے کیلئے ابتدائی طور پر 60 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی۔
پنجاب کے 65 ہزار ائمہ مساجد کیلئے ماہانہ 25 ہزار روپے مقرر
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب کی 65 ہزار مساجد کے ائمہ کیلئے چیف منسٹر مریم نواز شریف کی جانب سے وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پنجاب نیو آرڈیننس میں ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی
پنجاب حکومت نے گھریلو ملازمین کیلئے نئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی ہے، ان قوانین میں گھریلو ملازمین کے حقوق، فرائض اور کام کے معیار سے متعلق نئی تجاویز شامل کی گئی ہیں تاکہ ان کے تحفظ اور کام کیلئے بہتر ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
ورکنگ وومن ہوسٹلز
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورکنگ خواتین کیلئے ہوسٹلز کے قیام اور بحالی کا فیصلہ کیا جس کے تحت مختلف شہروں میں کام جاری ہے۔
ڈبل ڈیکر بسز
چیف منسٹر پنجاب نے 26 ستمبر کو لاہور میں 5 نئی ہائبرڈ ڈبل ڈیکر بسز کا افتتاح کیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈبل ڈیکر بسز چلائی جا رہی ہیں۔ منصوبہ کے تحت راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور میں بھی ڈبل ڈیکر بسز چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
دیہی خواتین کیلئے آئی ٹی ٹریننگ پروگرام
محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ کے دیہی علاقوں میں خواتین کیلئے تاریخی ڈیجیٹل اور آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت پنجاب بھر کے دیہاتوں میں 27 ہزار خواتین کو جدید ڈیجیٹل سکلز اور آئی ٹی ٹریننگز دی جائیں گی، پروگرام کا مقصد خواتین کو ٹیکنالوجی کے ذریعہ معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔
تعلیم دوست ہیلپ لائن
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب پروگرام‘‘ کے تحت سکولز کے طلباء و طالبات کی شکایات کے ازالہ کیلئے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔
مریم نواز ہیلتھ کلینکس
مریم نواز ہیلتھ کلینکس پنجاب میں صحت کے بنیادی مراکز ہیں جن کا مقصد دیہی علاقوں میں معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، یہ کلینکس بنیادی مراکز صحت کو جدید بنا کر کام کر رہے ہیں جن میں مفت ادویات، طبی عملہ اور محفوظ زچگی جیسی سہولیات شامل ہیں، منصوبہ کا مقصد عوام کو دہلیز پر صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں بڑے شہروں کے ہاسپٹلز کے چکر لگانے سے بچایا جا سکے۔
پنجاب سکول ری آرگنائزیشن پروگرام
پنجاب کے پہلے انقلابی ایجوکیشن پروگرام کیلئے چیف منسٹر مریم نواز شریف نے پنجاب سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کی منظور دی جس کے تحت سکولز کی ری ویمپنگ اور دیگر اقدامات جا فیصلہ کیا گیا۔
شجر کاری مہم
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی شجر کاری مہم کا مقصد پنجاب میں گرین پنجاب کے ویژن کو فروغ دینا ہے، پروگرام کے تحت 2024 میں 14 ملین پودے لگانے کا آغاز کیا گیا تھا جبکہ مہم کے تحت درخت لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز کی اپ گریڈیشن
مریم نواز شریف نے وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیوز) اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز (ٹی ایچ کیوز) کی اپ گریڈیشن پر خاص توجہ دی، پروگرام کے تحت متعدد ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں اپ گریڈیشن کا عمل مکمل بھی ہو چکا ہے، ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں جدید طبی سامان کی دستیابی، تربیت یافتہ عملہ کی بھرتی اور مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام میں بہتری کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔
نیور اگین پروجیکٹ
خواتین کے تحفظ کیلئے خصوصی طور پر ایک ایپ کا آغاز کیا گیا جس کو نیور اگین کا نام دیا گیا، یہ ایپ گزشتہ برس خواتین کے عالمی دن کے موقع پر متعارف کروائی گئی، یہ ایپ خواتین کو دھمکیوں اور ہراسانی یا ایسی نوعیت کے دیگر حملوں کی صورت میں فوری مدد طلب کرنے کا ذریعہ ہے۔ ایپ میں ایمرجنسی روابط، رئیل ٹائم لوکیشن ٹریکنگ اور الرٹ سسٹم شامل ہیں۔
پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن
حالیہ برسوں میں پتنگ بازی دھاتی تاروں کے استعمال کے باعث افسوسناک حادثات اور اموات کا باعث بنی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، دھاتی تاروں کے استعمال مین ملوث ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ دھاتی تاریں بھی ضبہ کی گئیں۔ اس حوالہ سے خطرناک مواد تیار کرنے والی فیکٹریز کو بند کرنے اور دیگر اداروں کی نگرانی کی ہدایات دی گئی ہیں۔
سستی روٹی اور سستا آٹا
محترمہ مریم نواز شریف نے پنجاب کے عوام کیلئے سستا آٹا اور روٹی کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کیے گئے جن کے مثبت نتائج سے روٹی اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی سامنے آئی جبکہ اس حوالے سے اصول و ضوابط کی پابندی کیلئے نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔
آپ بحیثیت شہری ایسے تمام اقدامات، منصوبوں اور پروگرامز سے کیا سیکھ سکتے ہیں
پنجاب کی پہلی خاتون وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کے مؤثر اقدامات نے پنجاب کے مستقبل کیلئے بنیادیں مضبوط کی ہیں۔ ٹیکنالوجی، شعبہِ صحت، زراعت، عوامی خدمات میں سٹریٹجک سرمایہ کاری اور آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) سمیت اہم شعبوں میں پائیدار ترقی کیلئے اقدامات ایک واضح ویژن کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ کوششیں نہ صرف فوری عوامی ضروریات کو پورا کرتی ہیں بلکہ طویل المدتی خوشحالی اور پنجاب کے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کیلئے راہ ہموار کرتی ہیں۔ پنجاب حکومت کے ایسے اقدامات سے صوبہ کے معاشرتی اقتصادی منظرنامہ پر مثبت اثرات کی توقع ہے جو ترقی کی راہ پر گامزن اور خوشحال پنجاب کا وعدہ پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔





