spot_imgspot_img

نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والے خود تاریخ کا حصہ بن گئے، مریم نواز شریف

ضمنی الیکشن میں عوام نے نفرت، انتشار، بدتمیزی اور الزام تراشی کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ موروثی سیاست کا طعنہ دینے والے خود بیویوں، بھائیوں، رشتہ داروں کو امیدوار بناتے رہے، شکست کے بعد اسے بائیکاٹ کا نتیجہ قرار دیا۔ نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والے خود تاریخ کا حصہ بن گئے، نواز شریف تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

spot_imgspot_img

لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے انتشار و بدتمیزی اور الزام تراشی کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، جو لوگ مورثی سیاست کا طعنہ دیتے ہیں وہ خود بیویوں بھائیوں کزنز اور رشتہ داروں کو امیدوار بناتے رہے اور انتخابات میں شکست کے بعد اسے بائیکاٹ کا نتیجہ قرار دینے کی کوشش کی، نواز شریف کے خلاف بدترین سازشیں ہوئیں، مشرف سے لے کر فیض حمید تک سب نے یہی کہا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے، عمران خان نے بھی یہی دعویٰ کیا لیکن نواز شریف آج بھی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب ارکانِ قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے ہم سر جھکا کر اللّٰه کا شکر ادا کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حالیہ کامیابیاں اللّٰه کے فضل اور عوام کے اعتماد کا نتیجہ ہیں، عوام نے انتشار و بدتمیزی اور الزام تراشی کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، تمام نو منتخب ارکانِ اسمبلی کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے مشکلات، مقدمات، قید و بند، انتقامی کارروائیوں اور خاندانوں پر آنے والی تکالیف کے باوجود سیاسی جدوجہد سے کبھی قدم پیچھے نہیں ہٹایا اور نہ کبھی کسی الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔ دوسری جماعتوں نے بائیکاٹ کا دعویٰ کیا مگر اُن کے امیدوار بھی کھڑے تھے، کیمپ بھی لگے تھے، تصاویر بھی آویزاں تھیں اور مہم بھی چل رہی تھی لیکن عوام نے انہیں ووٹ دینے سے انکار کر دیا جس سے اُن کے بائیکاٹ کے دعویٰ کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی۔

موروثی سیاست کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جو لوگ مورثی سیاست کا طعنہ دیتے ہیں وہ خود بیویوں، بھائیوں، کزنز اور رشتہ داروں کو امیدوار بناتے رہے اور انتخابات میں شکست کے بعد اسے بائیکاٹ کا نتیجہ قرار دینے کی کوشش کی۔ عوام اب اصل اور نقل میں فرق سمجھ چکے ہیں، عوامی شرکت نے واضح کر دیا ہے کہ وہ انتشار، فتنہ، گالم گلوچ اور تصادم کی سیاست سے بیزار ہیں۔ گزشتہ 4 سالوں میں جس طرح سیاست کو گالی، بدتہذیبی، مخالفین کی تذلیل، گھروں کو سیاست میں گھسیٹنے، خواتین کی بےتوقیری اور ذاتی دشمنی میں بدلا گیا اس نے معاشرے پر گہرے منفی اثرات چھوڑے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست تقریروں سے نہیں بلکہ کارکردگی سے آگے بڑھتی ہے، پنجاب میں فلاحی منصوبوں پر کام تیز رفتار سے جاری ہے، غریبوں کیلئے 1 لاکھ 20 ہزار نئے گھر تعمیر ہو رہے ہیں، لوگ مفت علاج سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں، ہاسپٹلز کی تعمیر اور توسیع جاری ہے، طلباء کو لیپ ٹاپ اور سکالرشپس دی جا رہی ہیں، ستھرا پنجاب پروگرام موثر انداز میں کام کر رہا ہے اور گرین بس ہر ضلع اور شہر تک پہنچ رہی ہے، آئندہ 3 برسوں میں یہ ترقیاتی سفر مزید تیز رفتار ہو جائے گا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہوئی ہے اور عوام پہلے سے زیادہ محفوظ محسوس کرتے ہیں، جو جماعتیں 4 سال تک ہر ادارے کو دبا کر اور مخالفین کو گالیاں دے کر اور عوام کو گمراہ کر کے سیاست چلاتی رہیں آج وہی آوازیں اپنے خلاف سن کر پریشان ہیں، مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں ترقیاتی کام کیے اور ملک کے استحکام میں کردار ادا کیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ خدمت کو آسانی سے مٹایا اور بھلایا نہیں جا سکتا، گزشتہ 40 سالوں میں نواز شریف کے خلاف بدترین سازشیں ہوئیں، تین دفعہ سازش کر کے نواز شریف کو نکالا گیا، ہر دور میں کہا گیا کہ نوازشریف کا دور ختم ہو گیا، مشرف سے لے کر فیض حمید تک سب نے یہی کہا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے، وہ لوگ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں، عمران خان نے بھی یہی دعویٰ کیا لیکن نواز شریف آج بھی تاریخ رقم کر رہے ہیں، اگر نوازشریف کے ترقیاتی کام نکال دیں تو پیچھے کھنڈرات بچتے ہیں۔

spot_img

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: