پاکستان کی ہر فتح اور کامیابی پر نواز شریف اور شہباز شریف کی مہر ثبت ہے، مریم نواز شریف

پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری ہے، خیبرپختونخوا کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔ خیبرپختونخوا کا سابق وزیرِ اعلیٰ محاذ آرائی میں مصروف رہتا تھا، موجودہ وزیرِ اعلیٰ اڈیالہ جیل کے باہر نظر آتا ہے۔ پاکستان کی ہر فتح اور کامیابی پر نواز شریف اور شہباز شریف کی مہر ثبت ہے۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی وسیع پیمانے کی ترقیاتی تاریخ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں رقم ہوئی، پنجاب میں ترقیاتی سرگرمیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جبکہ خیبرپختونخوا کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، خیبرپختونخوا کا سابق وزیرِ اعلیٰ سیاسی محاذ آرائی میں مصروف رہتا تھا جبکہ موجودہ وزیر اعلیٰ اکثر اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھا نظر آتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ بس منصوبہ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے جبکہ اِس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایٹم بم سے لے کر موٹر وے تک، آپریشن بنیان مرصوص سے لے کر حفاظتِ حرمین شریفین تک، بدامنی سے لے کر امن تک، لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں سے لے کر بجلی کی روشنیوں تک، چالیس فیصد مہنگائی سے لے کر 4 فیصد مہنگائی تک، سفارتی تنہائی سے لے کر سفارتی فتوحات تک، میٹرو بس سے لے کر اورنج لائن تک، ٹیکنالوجی سے لے کر تعلیم تک اور دانش سکول سے لے کر یونیورسٹیز تک ہر فتح اور ہر کامیابی جو پاکستان نے حاصل کی ہے اُس پر نواز شریف اور شہباز شریف کی محنت، ویژن اور مہر ثبت ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب بننے کے بعد جب بھی کوئی منصوبہ اٹھایا تو اُس پر نواز شریف اور شہباز شریف کی مہرِ کارکردگی واضح نظر آئی، چلڈرن ہسپتال ہو یا پی کے ایل آئی ہو اور میٹرو بس ہو یا سپیڈو بس ہو ہر بڑا منصوبہ وہی ہے جس کی بنیاد شہباز شریف نے اپنے دور میں رکھی تھی، جس بیٹی مریم نواز کو وزیراعظم شہباز شریف نے تربیت دی آج وہی بیٹی پنجاب میں وہاں سے کام آگے بڑھا رہی ہے جہاں شہباز شریف چھوڑ کر گئے تھے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبہ میں ترقیاتی سرگرمیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، حکومت نے گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں میٹرو بس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات مل سکیں، گجرات میں 30 ارب روپے کا بڑا منصوبہ زیرِ تکمیل ہے جہاں نئی سیوریج لائنز بچھائی جا رہی ہیں جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار گھروں کی تعمیر بھی جاری ہے، پنجاب ڈیڑھ برس میں 80 ہزار سکالرشپس اور ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپس طلباء کو دے چکا ہے، رواں برس کے آخر تک پنجاب کا کوئی سرکاری سکول ایسا نہیں رہ جائے گا جس میں فرنیچر اور پینے کا پانی یا باتھ رومز اور دیگر سہولیات میسر نہ ہوں، پنجاب کے تمام 38 اضلاع میں سینٹر آف ایکسیلینس بن رہے ہیں جہاں داخلے کیلئے لائنز لگی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منشیات اور منشیات فروشوں کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے اور آنے والے دنوں میں صوبہ منشیات سے مکمل طور پر پاک ہو جائے گا، لینڈ مافیا کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جارہی ہے اور عوام کی زمینیں اور جائیدادیں قبضہ گروپوں سے واگزار کروا کر انہیں واپس دی جا رہی ہیں، ستھرا پنجاب پروگرام کو جریدہ فوربز نے دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام قرار دیا ہے، ستھرا پنجاب کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل ٹیم پنجاب کے کونے کونے میں صفائی کا نظام چلا رہی ہے جنہیں جدید فلیٹ، مخصوص گاڑیاں اور جدید مشینری فراہم کی گئی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سابقہ حکومت (پی ٹی آئی حکومت) کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دور میں 4 سالوں تک جو لوگ حکومتی صفوں میں تھے وہ پاکستان کیلئے ڈیفالٹ ہونے کی پیشگوئیاں کرتے رہے مگر آج حقائق کچھ اور ہیں، اللّٰه تعالیٰ کے فضل و کرم سے نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچا لیا، آج بھی موازنہ انھی کے کاموں کا ہوتا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ فہرست میں میرا نام بھی رکھا جاتا ہے۔

چیف منسٹر پنجاب مریم نواز نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 12 سال کی مسلسل حکمرانی کے باوجود کوئی نمایاں ترقی نہیں دکھائی دیتی، خیبرپختونخوا کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، صوبہ کا سابق وزیرِ اعلیٰ سیاسی محاذ آرائی میں مصروف رہتا تھا جبکہ موجودہ وزیر اعلیٰ اکثر اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھا نظر آتا ہے، ہری پور میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ سنایا۔

خبریں

More from The Thursday Times

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: