تجزیہ: برمنگھم کی انتظامیہ ستھرا پنجاب پروگرام کی معترف، برطانوی شہر کی صفائی کیلئے پنجاب سے راہنمائی کی فراہمی

برطانوی شہر برمنگھم کی انتظامیہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کی معترف؛ برمنگھم میں صفائی ستھرائی کے مؤثر نظام کیلئے پنجاب ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی سے راہنمائی حاصل کی گئی، ڈیجیٹل رابطوں کا مقصد شہر میں صفائی کا نظام بہتر بنانا ہے۔

spot_imgspot_img

برمنگھم (تھرسڈے ٹائمز) — بادی النظر میں یہ بات حیران کن محسوس ہو سکتی ہے کہ پاکستان کے کسی صوبائی ادارہ نے برطانیہ کے ایک بڑے اور اہم شہر کو صفائی ستھرائی کے معاملات میں راہنمائی فراہم کی تاہم بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق پنجاب ویسٹ منیجمنٹ اتھارٹی (ستھرا پنجاب پروگرام) اور برمنگھم کے مقامی رضاکاروں کے درمیان ہونے والی ڈیجیٹل شراکت داری نے برمنگھم کی گلیوں اور محلوں کو صاف رکھنے میں عملی طور پر اہم کردار ادا کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ڈیجیٹل رابطے پاکستان میں ویسٹ منیجمنٹ کے ماہرین اور برمنگھم کی کمیونٹی کے درمیان قائم ہوئے جن کا مقصد ایسے قابلِ عمل اقدامات سے متعلق راہنمائی حاصل کرنا تھا جو پنجاب میں پہلے ہی کامیابی کے ساتھ آزمائے جا چکے تھے۔ یہ محض تکنیکی تعاون کا ایک واقعہ نہیں بلکہ اِس سوچ کو چیلنج کرتی ایک حقیقت ہے کہ شہری نظام کو چلانے کیلئے مؤثر پالیسی صرف ترقی یافتہ ممالک ہی تشکیل دے سکتے ہیں۔

یہاں یہ نکتہ اہم ہے کہ جس ماڈل نے برمنگھم جیسے شہر کی توجہ حاصل کی اُس کی بنیاد وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دور میں رکھی گئی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون چیف منسٹر کی صوبائی حکومت نے ویسٹ مینجمنٹ کو محض صفائی کا مسئلہ نہیں بلکہ شہری نظم و نسق، صحتِ عامہ اور ماحولیاتی پالیسی کے ایک مربوط نظام کے طور پر آگے بڑھایا ہے۔ پنجاب ویسٹ اتھارٹی کے تحت متعارف کروایا گیا یہ ماڈل شہری و دیہی علاقوں میں یکساں سروس ڈیلیوری، کمیونٹی تعاون اور ڈیجیٹل نگرانی پر مشتمل ہے۔

معروف امریکی جریدے ’’فوربز‘‘ نے حال ہی میں پنجاب کے ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو دنیا کا تیز ترین (سب سے کم مدت میں) تشکیل پانے والا بڑا ویسٹ منیجمنٹ سسٹم قرار دیا ہے۔ فوربز کے مطابق اِس منصوبہ کی نمایاں خصوصیات اِس کا پھیلاؤ، آپریشنل سکیل اور لاکھوں افراد تک روزانہ کی بنیادوں پر خدمات کی فراہمی ہے جو اسے عالمی سطح پر منفرد بناتی ہیں۔

ستھرا پنجاب پروگرام وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا صوبہ میں وسیع پیمانے پر صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ پروگرام ہے جس کا مقصد پنجاب میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانا، لوگوں کو روزگار فراہم کرنا اور کچرے (کوڑے کرکٹ) کو توانائی میں تبدیل کرنا ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام جنوبی ایشیاء کے بڑے ویسٹ مینجمنٹ منصوبوں میں سے ایک ہے جس میں ہر گھر سے کچرا اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے، اِس کیلئے جدید مشینری استعمال کی جا رہی ہے جبکہ اِس پروگرام میں ماحولیاتی آگاہی مہمات بھی شامل ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق برمنگھم جیسے شہر میں صفائی کے مسائل محض انتظامی نہیں بلکہ شہری رویّوں اور کمیونٹی ذمہ داریوں سے بھی جڑے ہوئے ہیں جبکہ یہی وہ پہلو ہے جہاں پنجاب کے تجربہ نے برمنگھم کے رضاکاروں کو ایک نیا زاویہ فراہم کیا۔ یہ تعاون اِس احساس کو تقویت دیتا ہے کہ صفائی صرف بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ شہری شعور اور سماجی اقدار کا بھی معاملہ ہے۔

یہ منصوبہ اِس بڑے رجحان کی نشاندہی بھی کرتا ہے کہ ماحولیاتی اور شہری مسائل کے حل اب یکطرفہ نہیں رہے۔ دیکھا جائے تو یہ ڈیجیٹل شراکت داری ایک بڑے رجحان کی علامت ہے جہاں ترقی پذیر خطوں کے عملی تجربات اب ترقی یافتہ شہروں کیلئے بھی راہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ پنجاب کا ویسٹ مینجمنٹ ماڈل اِس تبدیلی کی ایک نمایاں مثال ہے جہاں ایک ترقی پذیر خطہ کا تجربہ ترقی یافتہ دنیا کیلئے قابلِ تقلید مثال قائم کر رہا ہے۔

پنجاب اور برمنگھم کے درمیان یہ تعاون محض کوڑا کرکٹ کے انتظام تک محدود نہیں بلکہ شہروں کے درمیان فکری اور عملی لحاظ سے ایک پُل ہے جو اِس تصور کو مضبوط کرتا ہے کہ مؤثر حکمرانی، درست پالیسی اور سیاسی عزم کے ساتھ عالمی معیار کے حل کسی بھی خطہ سے جنم لے سکتے ہیں۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

spot_img

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: