اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — شیر افضل مروت نے تحریکِ انصاف اور علیمہ خان سے متعلق مالی بےضابطگیوں کے سنگین الزامات عائد کر دیئے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے راہنما اور رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے ایک نجی نیوز چینل پر معروف صحافی ابصار عالم کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے اندر چندہ جمع کرنے اور قانونی اخراجات سے متعلق سنگین الزامات عائد کر دیئے ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ 26 نومبر کے نام پر 38 کروڑ روپے اکٹھے کیے گئے مگر اُس رقم کا کوئی باقاعدہ حساب سامنے نہیں آیا جبکہ یہ فنڈز مبینہ طور پر علیمہ خان اور خدیجہ شاہ کے زیرِ انتظام تھے اور اب تک واضح نہیں کہ یہ رقم کہاں خرچ ہوئی۔
شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کیلئے عملی طور ایک ہی وکیل ہیں جو کہ سلمان صفدر ہیں جنہیں سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے 24 کروڑ روپے ادا کیے جبکہ مجموعی طور پر وکلاء کو ایک ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔
راہنما پی ٹی آئی (پاکستان تحریکِ انصاف) شیر افضل مروت کے مطابق پارٹی کے اندر قانونی نمائندگی کے معاملات میں بھی کمیشن اور مالی بےضابطگیوں کے عناصر موجود ہیں۔
عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اور تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علیمہ خان بشریٰ بی بی کی ایک دن کی مار ہیں، جس دن بشریٰ بی بی باہر نکل آئیں یہ سیاسی کمیٹی ہوا میں اڑ جائے گی اور یہ لوگ نظر بھی نہیں آئیں گے، یہ لوگ تب تک ہیں جب تک میدان خالی ہے۔
رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے محمود اچکزئی اور راجہ ناصر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں علیمہ خان اور سلمان اکرم راجہ نے اپوزیشن لیڈر بنایا ہے۔
نوٹ: ہمارا پلیٹ فارم پاکستان تحریکِ انصاف کی متعلقہ شخصیات اور پارٹی قیادت کیلئے موجود ہے، اگر وہ اِن الزامات پر اپنا مؤقف یا وضاحت دینا چاہیں تو ہم وہ اسی خبر میں شامل کریں گے۔





