افغانستان کو اب فتنہ الخوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

آپریشن بنيان مّرصوص میں اللّٰه کی مدد کو دیکھا گیا جو حق پر قائم رہنے کا ثبوت ہے۔ افغانستان کو فتنہ الخوارج یا پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔ علماء انتہا پسندی و گمراہی کے خلاف قوم کی فکری راہنمائی جاری رکھیں۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغانستان کو اب فتنہ الخوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔

چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 10 دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو اب فتنہ الخوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا، کسی بھی اسلامی ریاست میں جہاد کا اعلان یا فتویٰ دینے کا اختیار صرف ریاست کو حاصل ہے، کسی فرد یا گروہ یا تنظیم کو یہ حق حاصل نہیں ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ اللّٰه تعالیٰ نے اسلامی دنیا میں محافظینِ حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا ہے، ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کے درمیان گہری مماثلت پائی جاتی ہے، دونوں ریاستوں کا قیام کلمہِ طیبہ کی بنیاد پر اور ماہِ رمضان کی بابرکت ساعتوں میں ہوا، یہی وجہ ہے کہ دونوں کو امتِ مسلمہ میں ایک خاص ذمہ داری سونپی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران اللّٰه کی مدد کو نہ صرف دیکھا بلکہ محسوس بھی کیا گیا جو حق و صداقت پر قائم رہنے کا ثبوت ہے، علماء و مشائخ فتنہ و انتہاء پسندی اور گمراہی کے خلاف اپنا مؤثر کردار ادا کریں اور قوم کی فکری راہنمائی جاری رکھیں، جن قوموں نے اپنے اسلاف کی علمی میراث کو ترک کیا وہ زوال کا شکار ہو گئیں۔

دہشت گردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ افغان طالبان کی پشت پناہی سے دہشتگردی کے ذریعہ پاکستان میں شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، فتنہ الخوارج کی مختلف تنظیموں میں شامل افراد میں سے 70 فیصد افغان شہری ہیں جو افغانستان سے پاکستان میں بدامنی پھیلا رہے ہیں۔

چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز، دہشتگردی، قومی سلامتی، خطہ کی صورتحال، جنگی تیاریوں اور علم و فکر کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی جبکہ انہوں نے قرآن کریم کی آیات بھی پڑھیں اور اشعار کے ذریعہ پاکستان کے نظریاتی تشخص اور قومی مؤقف کو اجاگر کیا۔

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: