اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان نے برطانیہ میں ہونے والی حالیہ پاکستان مخالف سرگرمیوں پر احتجاجاً برطانوی ہائی کمیشن کے قائم مقام ہائی کمشنر کو ڈی مارش کر دیا۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کے مطابق قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کو دفترِ خارجہ طلب کیا گیا جہاں انہیں برطانیہ میں ہونے والی حالیہ پاکستان مخالف سرگرمیوں سے متعلق پاکستان کی جانب سے شدید تحفظات سے آگاہ کیا گیا اور احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر ہونے والے احتجاج اور برطانیہ کی سرزمین سے پاکستان کی سول و عسکری قیادت کے خلاف دیئے گئے اشتعال انگیز بیانات پر پاکستان کی جانب سے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کو ڈی مارش کیا گیا ہے۔
پاکستان نے برطانیہ میں ہونے والے حالیہ پاکستان مخالف واقعات کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے برطانوی حکام کے سامنے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے جبکہ اشتعال انگیز اور پُرتشدد تقاریر کیلئے برطانوی سرزمین کے غلط استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے برطانیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات میں ملوث افراد کی شناخت اور تحقیقات کے بعد اُن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، پاکستان نے زور دیا ہے کہ برطانیہ اپنی سرزمین کو پاکستان مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال ہونے سے روکے۔
دفترِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی قیادت، اداروں اور قومی مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا نفرت انگیز سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) برطانیہ کے آفیشل ٹویٹر (ایکس) اکاؤنٹ سے 23 دسمبر کو ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں برطانوی سرزمین پر کھڑے مظاہرین سرِعام پاکستانی چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بم دھماکے میں قتل کی دھمکی دے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی برطانیہ کے آفیشل ٹوئیٹر (ایکس) اکاؤنٹ سے جاری کی گئی ویڈیو میں نظر آنے والی ایک خاتون نے اشتعال انگیز گفتگو میں کہا کہ کوئی بھی فیلڈ مارشل کو کار بم دھماکے میں قتل کر دے گا۔ ٹویٹر (ایکس) پر پی ٹی آئی کے حامی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے اِس اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز ویڈیو کو شیئر بھی کیا گیا۔




