وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کا مریم نواز کو لاہور اور خیبرپختونخوا میں جلسوں کا چیلنج؛ مقبولیت کا فیصلہ عوام کریں گے

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بڑا چیلنج؛ میں کل شام لاہور میں جلسہ کا اعلان کرتا ہوں، پنجاب حکومت لاہور یا خیبرپختونخوا میں جلسہ کر لے، دیکھتے ہیں کس کے جلسہ میں زیادہ لوگ آتے ہیں اور عوام کس کے ساتھ ہیں

لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ سمجھتے ہیں عمران خان کی سیاست اور تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب سے ختم ہو چکے ہیں تو میں کل شام 6 بجے مینارِ پاکستان پر جلسہ کا اعلان کرتا ہوں، یہ ہمارے مقابلہ میں کسی اور گراؤنڈ میں اپنا جلسہ کر لیں، پھر دیکھ لیتے ہیں کہ کس کے جلسہ میں زیادہ لوگ آتے ہیں اور عوام کس کے ساتھ ہیں۔

خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے دورہِ پنجاب کے حوالہ سے میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز پنجاب میں ہمارے ساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا وہ جمہوری روایات اور اقدار کے سراسر منافی ہے اور پنجاب حکومت کی ذہنی و اخلاقی پستی کی عکاسی کرتا ہے، اِس طرح کے طرزِ عمل سے نفرتوں میں اضافہ ہوتا ہے، پنجاب اور وفاق میں جعلی طریقے سے حکمران بننے والوں کا واحد مفاد صرف دولت سمیٹنا اور پھر ملک سے فرار اختیار کرنا ہے، یہ لوگ مال بنانے کیلئے پاکستان کے 50 ٹکڑے بھی کرنا پڑے تو کر دیں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو ہمارے خلاف بولنے اور اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی آزادی ہے لیکن یہاں پنجاب میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ جمہوری روایات کے مطابق نہیں بلکہ جمہوریت کے برعکس ہے، ایک مخصوص ٹولہ اخلاقی اور ذہنی پستی کا شکار ہو کر جو کچھ کر رہا ہے اُس کا الزام کسی اور پر نہیں بلکہ انھی پر ہی آئے گا، جو کچھ انہوں نے کل ہمارے ساتھ کیا وہ ہمارے ہر رکنِ اسمبلی اور میرے ذہن پر نقش ہو چکا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہمارا لیڈر (عمران خان) قومی یکجہتی کی علامت ہے، پنجاب کے عوام کی جانب سے مجھے جو عزت اور محبت دی جا رہی ہے وہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے، میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب (مریم نواز شریف) اور پنجاب حکومت کے تمام ارکان کو خیبرپختونخوا آنے دعوت دیتا ہوں تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ اِس منصب کی عزت و تکریم کیا ہے اور جمہوری قوتیں کس طرح اِن اقدار کا خیال رکھتی ہیں، مریم نواز شریف جعلی طریقے سے پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ بنی ہیں لیکن اِس کے باوجود ہم اُن کے منصب کی تکریم کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سمجھتے ہیں عمران خان کی سیاست اور تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب سے ختم ہو چکے ہیں تو میں کل شام 6 بجے مینارِ پاکستان پر جلسہ کا اعلان کرتا ہوں، یہ ہمارے مقابلہ میں کسی اور گراؤنڈ میں اپنا جلسہ کر لیں اور اپنے جلسہ کیلئے مقام کا انتخاب خود کریں، پھر دیکھ لیتے ہیں کہ کس کے جلسہ میں زیادہ لوگ آتے ہیں۔

سہیل آفریدی نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی حکومت اور مسلم لیگ (ن) کو دوسرا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ لوگ ایک دن میں جلسہ نہیں کر سکتے تو اگلے ہفتہ خیبرپختونخواہ میں جلسہ کر لیں جہاں انہیں ہماری طرف سے سٹیج اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، یہ وہاں جلسہ کریں اور میں یہاں لاہور میں جلسہ کرتا ہوں، پھر دیکھتے ہیں کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: