اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم بھارت کی میزبانی میں منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرے گی تاہم 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔
حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی منظوری دے دی ہے تاہم یہ واضح کیا گیا ہے کہ 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف کولمبو میں شیڈول میچ کیلئے پاکستانی ٹیم میدان میں نہیں اترے گی۔
The Government of the Islamic Republic of Pakistan grants approval to the Pakistan Cricket Team to participate in the ICC World T20 2026, however, the Pakistan Cricket Team shall not take the field in the match scheduled on 15th February 2026 against India.
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) February 1, 2026
حکومتی فیصلے کے مطابق پاکستان ٹیم ایونٹ کے دیگر تمام میچز میں شرکت کرے گی تاہم بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ قومی مفاد، کھلاڑیوں کی سلامتی اور اصولی مؤقف کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے لیکن جہاں قومی وقار اور تحفظ کا معاملہ ہو وہاں ریاستی مؤقف کا واضح اور دوٹوک ہونا ضروری ہے۔
پاکستانی حکومت کی جانب سے یہ اہم فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کیلئے بھارت میں شیڈول میچز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے ایونٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا جبکہ بنگلہ دیشی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حالات میں بھارت کے اندر کھیلنا کھلاڑیوں کیلئے محفوظ نہیں ہے جس کے بعد پاکستان نے بھی بنگلہ دیش کے اصولی فیصلے سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
پاکستانی کرکٹ اور سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ خطہ میں کھیلوں کے انعقاد کیلئے یکساں، غیر جانبدار اور محفوظ ماحول کی ضمانت ضروری ہے۔ اگر کسی ٹیم کے تحفظ یا قومی وقار پر سوال اٹھتا ہو تو محض کھیل کی خاطر ایسے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ وہ کرکٹ، امن اور علاقائی استحکام کا حامی ہے تاہم کسی بھی دباؤ کے تحت اپنے اصولوں پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ پاکستان نہ صرف بنگلہ دیش کے مؤقف کو اصولی سمجھتا ہے بلکہ اِس بات پر بھی زور دیتا ہے کہ عالمی کرکٹ میں تمام ٹیمز کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے۔
آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی شرکت اِس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کھیلوں سے وابستگی رکھتا ہے تاہم بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنا ایک اصولی، سیاسی اور سلامتی سے جڑا ہوا فیصلہ ہے جس پر پاکستان قائم رہے گا۔




