بلوچستان کسی صورت پاکستان سے الگ نہیں ہو سکتا، دہشتگردوں کو نہیں چھوڑیں گے، سرفراز بگٹی

بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ ہیں اور بلوچستان کسی صورت پاکستان سے الگ نہیں ہو سکتا۔ دہشتگردی کو محرومی سے جوڑ کر جواز نہیں بنایا جا سکتا، اور ریاست کے سوا کسی کو بندوق اٹھانے کا حق نہیں۔ بےگناہ شہریوں کے قتل کی اجازت نہیں دی جائے گی، دہشتگردوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، مکالمہ صرف امن کے راستے پر ہوگا، جبکہ بلوچستان کی سڑکیں بند نہیں ہونے دیں گے۔

کوئٹہ (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کسی صورت پاکستان سے الگ نہیں ہو سکتا، کسی کو بندوق اٹھا کر بےگناہ لوگوں کے قتل کی اجازت نہیں دی جائے گی، دہشتگردی کو محرومی سے نہیں جوڑا جا سکتا، اور وہ ذمہ داری سے کہتے ہیں کہ بلوچستان کی سڑکیں بند نہیں ہوں گی۔

صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ ہیں اور علیحدگی کی بات ایک لاحاصل جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ کو برسوں سے مسخ کیا گیا، منظم پراپیگنڈے کے ذریعے بلوچ نوجوانوں کی ذہن سازی کی جاتی رہی، مگر حکومت کسی کو قوم کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلنے نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے موٹر سائیکلوں پر آ کر بلوچستان کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا، ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور امن قائم کیا جائے گا۔

سرفراز بگٹی نے ماضی کے بعض فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب ٹی ٹی پی کے لوگوں کو جیلوں سے چھڑوایا گیا اور دوسری طرف بلوچستان میں بی ایل اے کے عناصر کو بھی رہائی دلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران اسمبلی کے کہنے پر بلوچستان میں چیک پوسٹیں ختم کی گئیں، جس کے بعد دہشتگردوں کو کھلی چھٹی مل گئی اور آج اسی فیصلوں کا خمیازہ بھگتا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق بلوچستان میں امن اور ترقی حکومت کی ترجیح ہے، دہشتگردوں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں، اور حکومت دہشتگردی کے تمام واقعات کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیامِ امن کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں حکومت برابر کی شریک ہے، اور معصوم شہریوں، اساتذہ، ڈاکٹروں، پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کا استعمال صرف ریاست کا حق ہے، کسی فرد یا گروہ کو بندوق اٹھانے کا اختیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بات مسائل کی ہے تو ترقی ہر جگہ یکساں نہیں، مگر کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ بندوق اٹھا لیں؟ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ لاہور جیسی ترقی گوجرانوالہ یا راجن پور میں نہیں، کراچی جیسی ترقی کشمور میں نہیں، پشاور جیسے حالات نوشہرہ میں مختلف ہو سکتے ہیں، مگر کسی بھی صورت بندوق اٹھانا قابلِ قبول نہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئین ریاست کے ساتھ وفاداری کا تقاضا کرتا ہے، شہریوں پر ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں اور حقوق بھی ملنے چاہییں، مگر جو مسلح گروہ کھلے عام ملک توڑنے اور الگ ریاست کی بات کرتے ہیں، وہ بلوچوں کے نام پر تشدد کرتے اور سوشل میڈیا کو ہتھیار بناتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ تشدد کے ذریعے کیا وہ ایک بھی یونین کونسل آزاد کروا سکتے ہیں؟ ان کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ اس جنگ میں نقصان بلوچوں کا ہے اور جانیں بھی بلوچ ہی دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سیاسی بات چیت کیلئے تیار ہے، اور اگر پاکستان یا بلوچستان میں کوئی اس تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے تو آگے بڑھے، حکومت بات کرے گی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بندوق کی نوک پر بات چیت ممکن نہیں، جو لوگ قتل و غارت کر رہے ہیں، معصوم بچوں، اساتذہ، ڈاکٹروں، پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں، ان سے مذاکرات نہیں کیے جا سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں، فنڈز کی تقسیم، بیوروکریسی اور گورننس کے مسائل پر بات ہونی چاہیے، اور سیاسی نظام کے اندر رہتے ہوئے اصلاحات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، جبکہ دہشتگردی کو کسی صورت محرومی کا عنوان دے کر جواز نہیں بنایا جا سکتا۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: