خضدار (تھرسڈے ٹائمز) — سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار سے رخصت پر جانے والے سات فوجی جوانوں کو دھوکے سے فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشت گردوں نے اغوا کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز مغوی جوانوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کر رہی ہیں۔ یہ کارروائیاں اُس وقت تک جاری رہیں گی جب تک تمام اہلکاروں کی محفوظ واپسی یقینی نہیں بنا لی جاتی۔
حکام کے مطابق یہ ایک نہایت پیچیدہ اور حساس آپریشن ہے جس میں مغوی اہلکاروں کی جان و سلامتی کو اولین ترجیح حاصل ہے، اسی وجہ سے آپریشن کی تفصیلات عوامی سطح پر جاری نہیں کی جا رہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بعض بھارتی، افغانی اور مخصوص سیاسی حلقوں سے وابستہ بیرونی ٹرول اکاؤنٹس نے اس صورتحال کو بنیاد بنا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنے جوانوں سے لاتعلقی اختیار کر لی ہے، تاہم حکام کے مطابق یہ دعویٰ بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔ پاک فوج پہلے دن سے مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سرگرم ہے اور جاری آپریشنز کی تفصیلات روایتی طور پر قبل از وقت جاری نہیں کی جاتیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کار یہ جان لیں کہ اگر کسی بھی جوان کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف کارروائی مزید سخت اور فیصلہ کن ہو گی۔




