اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سیکیورٹی ذرائع نے پاک افغان سرحد کی موجودہ صورتحال کے حوالہ سے اطلاعات فراہم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب تک ٹی ٹی اے کے 332 اہلکار ہلاک اور 553 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، افغان طالبان کی 130 پوسٹس تباہ ہوئی ہیں اور پاکستانی فورسز نے 26 پوسٹس کو اپنے قبضہ میں لیا ہے جبکہ ژوب سیکٹر میں گھڈوانہ اِنکلیو (32 مربع کلومیٹرز علاقہ) پاکستانی فورسز کے مضبوط کنٹرول میں ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے تمام سیکٹرز میں ٹی ٹی اے (تحریکِ طالبان افغانستان) کی متعدد فرنٹ لائن پوسٹس پر جارحانہ انداز میں کارروائی کی ہے جو 26 فروری کو ٹی ٹی اے کی جانب سے شروع کیے گئے بلا اشتعال حملوں کے جواب میں کی گئی۔
پاکستان سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کا مقصد مبینہ طور پر افغان طالبان کی عسکری صلاحیتوں اور اُس سے منسلک معاون ڈھانچے کو کمزور کرنا تھا جبکہ نتیجتاً ٹی ٹی اے کی متعدد پوسٹس پر پاکستانی فورسز نے قبضہ کر لیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چند مقامات پر ٹی ٹی اے نے اپنی فورسز جمع کرنے کی کوشش کی تاہم افواجِ پاکستان کی جانب سے مؤثر اور سخت فائرنگ کے ذریعہ آنہیں ناکام بنا کر غیر مؤثر کر دیا گیا۔ ٹی ٹی اے کی جانب سے فاصلے سے چھوٹے ہتھیاروں کے ذریعہ فائرنگ کی کوششیں بھی کی گئیں تاہم اُنہیں مارٹر اور آرٹلری کی مؤثر فائرنگ سے روک دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ٹی ٹی اے اور فتنہ الخوارج کو مزید جانی نقصان بھی پہنچا ہے جبکہ پورے محاذ پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک ٹی ٹی اے کے 332 اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں اور 553 سے زائد زخمی ہیں، افغان طالبان کی 130 پوسٹس تباہ کی جا چکی ہیں جبکہ پاکستانی فورسز نے 26 پوسٹس کو اپنے قبضہ میں لیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اب تک افغان طالبان کے 171 ٹینکس، اے پی سیز اور گاڑیاں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ پاکستانی فورسز نے فضائی کارروائیوں میں اب تک 41 مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹی ٹی اے فورسز نے کئی مقامات پر سفید جھنڈے لہرا دیئے ہیں جس کو کشیدگی کم کرنے کی اپیل اور مزید لڑائی سے گریز کا اشارہ سمجھا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ژوب سیکٹر میں گھڈوانہ اِنکلیو (32 مربع کلومیٹرز علاقہ) پاکستانی فورسز کے مضبوط کنٹرول میں ہے جبکہ سیکٹر کے قریبی ٹی ٹی اے پوسٹس میں سے بیشتر خالی کر دی گئی ہیں اور وہاں سفید جھنڈے لہرائے جا رہے ہیں۔
مزید برآں، ٹی ٹی اے سے قبضہ میں لیے گئے ہتھیاروں، گاڑیوں اور دیگر ساز و سامان جو ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا گیا ہے۔




