اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو، ایران نے رواں ہفتے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کر دی۔
پرائم منسٹر آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے جبکہ یہ خوشگوار اور دوستانہ بات چیت تقریباً 45 منٹس تک جاری رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کرنے اور رواں ہفتے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی پیشکش قبول کرنے پر ایرانی قیادت کی دانشمندی اور دور اندیشی کو سراہا۔ شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای کیلئے بھی تعظیم کا اظہار کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور امریکا و ایران عارضی جنگ بندی میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ مسعود پزشکیان نے پاکستانی عوام کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایران کی جانب سے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کی جبکہ دونوں راہنماؤں نے باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔




