فلوریڈا (تھرسڈے ٹائمز) — دوسری بار امریکی صدارتی معرکہ جیتنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ’’وکٹری سپیچ‘‘ میں کہا ہے کہ آج ہم نے تاریخ رقم کر دی ہے، ایسی کامیابی امریکی عوام نے پہلے کبھی نہیں دیکھی، ہم امریکا کو ایک بار پھر عظیم بنائیں گے، امریکا کو محفوظ بنانے کیلئے سرحدوں کو سیل کرنا پڑے گا، میں کوئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جنگ ختم کروں گا۔
امریکہ میں صدارتی انتخابات 2024 میں کانٹے دار مقابلہ کے بعد ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کُل 538 الیکٹورل ووٹس میں سے 277 الیکٹورل ووٹس حاصل کر کے دوسری بار امریکا کے صدر بن گئے ہیں جبکہ ان کی مدمقابل ڈیموکریٹک امیدوار کمیلا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹس حاصل کیے ہیں، اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ 2016 سے 2020 تک امریکا کے 45ویں صدر رہ چکے ہیں،
انتخابی معرکہ جیتنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے پام بیچ پر اپنے انتخابی ہیڈ کوارٹر میں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم نے تاریخ رقم کر دی ہے، ایسی کامیابی امریکی عوام نے پہلے کبھی نہیں دیکھی، اب امریکا نئی بلندیوں تک پہنچے گا، ہم امریکا کو ایک بار پھر عظیم بنائیں گے، امریکا کو مضبوط بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے حامیوں نے بہترین انتخابی مہم چلائی، ہم نے سینیٹ کا کنٹرول واپس حاصل کیا، یہ امریکا کی سیاسی کامیابی ہے، میری فتح جمہوریت کی بھی فتح ہے، جن لوگوں نے میرا ساتھ دیا میں ان کا بھرپور شکریہ ادا کرتا ہوں، دنیا کی مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے امریکیوں نے ہمارا ساتھ دیا، ایک بار پھر اعتماد کرنے پر امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
امریکی صدارتی معرکہ جیتنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات کریں گے، امریکا کے تمام معاملات اب ٹھیک ہونے والے ہیں، اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھوں گا جب تک آپ لوگوں کے خواب پورے نہ کروں، ہم امریکا کو محفوظ بنائیں گے، سرحدوں کو سیل کرنا پڑے گا، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ قانونی طریقے سے امریکا آئیں، ہم مضبوط اور طاقتور فوج چاہتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں میں جنگ شروع کروں گا لیکن میں کوئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جنگ ختم کروں گا، ہمارے سامنے اہداف آسان نہیں ہیں لیکن میں اپنی پوری طاقت کو استعمال کروں گا اور دنیا کا سب سے اہم کام کرنے کیلئے لڑوں گا، میں امریکا کو ایک بار پھر عظیم اور مضبوط بناؤں گا۔