زیورخ (تھرسڈے ٹائمز) — سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی حاصل کر لی جبکہ 2030 میں ہونے والا ورلڈ کپ 3 براعظموں اور 6 ممالک میں کھیلا جائے گا۔
فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا (فیڈریشن انٹرنیشنل ڈی فٹبال ایسوسی ایشن) نے ورلڈ کپ 2030 اور ورلڈ کپ 2034 کیلئے میزبان ممالک کا اعلان کر دیا ہے جس سے نہ صرف عالمی سطح پر کھیل کے بڑھتے ہوئے اثرات نمایاں ہوئے ہیں بلکہ میزبان کیلئے انتخابی عمل پر بھی تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ فیفا کے اعلان کے مطابق ورلڈ کپ 2030 تین براعظموں اور 6 ممالک میں کھیلا جائے گا جبکہ ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی صرف سعودی عرب کرے گا، سعودی عرب کو پہلی بار فٹبال کے عالمی ایونٹ کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2030 کی میزبانی
فیفا ورلڈ کپ 2030 دنیا کے مقبول ترین کھیل ’’فٹبال‘‘ کے 100 برس مکمل ہونے کی یادگار کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ تاریخی ایونٹ اپنی انوکھی کثیر البراعظمی میزبانی کے ذریعہ روایت اور جدت کا امتزاج پیش کرے گا۔ مراکش، سپین اور پرتگال عالمی ایونٹ کے مرکزی میزبان ہوں گے جہاں زیادہ تر میچز کھیلے جائیں گے۔ ان ممالک کے مابین جغرافیائی و ثقافتی قربت کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ فارمیٹ فٹبال کی وراثت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
فٹبال کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے افتتاحی تین میچز جنوبی امریکا میں منعقد ہوں گے جن کی میزبانی یوروگوائے، ارجنٹینا اور پیراگوائے کریں گے۔ یہ خصوصی انتظامات عالمی ایونٹ کیلئے جنوبی امریکا کی فٹبال وراثت کا اعتراف ہیں جبکہ یورپ اور افریقہ جیسے فٹبال کے بڑے مراکز کی شمولیت ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ہے۔ تاہم ناقدین نے اتنے وسیع سفر کے ماحولیاتی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے جو ٹیمز، حکام اور شائقین کیلئے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
سعودی عرب: ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی
فیفا کی جانب سے اکتوبر میں اچانک بولی کے عمل کے اعلان کے بعد سعودی عرب 2034 کے ورلڈ کپ کیلئے واحد امیدوار کے طور پر ابھر کر سامنے آیا۔ اگرچہ آسٹریلیا نے دلچسپی ظاہر کی لیکن جلد بازی میں دیئے گئے ٹائم فریم کی وجہ سے اس کیلئے ایک مضبوط بولی تیار کرنا ممکن نہ ہو سکا جس سے سعودی عرب کا راستہ ہموار ہو گیا۔
سعودی عرب کی بولی کو فیفا کی جانچ میں ریکارڈ بلند ترین پوائنٹس ملے و سعودی عرب کے سپورٹس انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور عالمی سطح پر اس کی اہمیت میں مسلسل اضافہ کا مظہر ہے۔
فیفا کی جانب سے جغرافیائی اور سیاسی توازن
فیفا کی جانب سے ورلڈ کپ میزبانی کے طریقہ کار سے فٹبال کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت اور سیاسی حقیقتوں کے درمیان توازن نظر آتا ہے۔ ورلڈ کپ 2030 میں ساؤتھ امریکن فٹبال کنفیڈریشن CONMEBOL اور یونین آف یورپین فٹبال ایسوسی ایشن UEFA کے ساتھ ساتھ کنفیڈریشن آف افریقن فٹبال CAF کا خطہ بھی شامل کیا گیا ہے جس سے ورلڈ کپ 2034 کیلئے ایشین فٹبال کنفیڈریشن AFC اور اوشیانیا فٹبال کنفیڈریشن OFC کے خطوں کو میزبانی کا اہل قرار دیا گیا۔ اس طرح فیفا تمام خطوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔ سعودی عرب کیلئے 2034 کے عالمی ایونٹ کی میزبانی ملک کی سافٹ پاور حکمتِ عملی کو اجاگر کرتی ہے۔