میلان (تھرسڈے ٹائمز) — اے سی میلان رواں فٹبال سیزن (سیری اے) میں ناقص کارکردگی اور 29 دسمبر کو اچانک حیران کن اور توہین آمیز انداز میں پاؤلو فونزیکا کو بطور مینیجر فارغ کرنے پر تنقید کی زد میں ہے۔ اے سی میلان اور اے ایس روما کے درمیان 29 دسمبر کو کھیلے گئے میچ سے چند گھنٹوں کے بعد جس طریقہ سے مینیجر (کوچ) پاؤلو فونزیکا کو ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کیا گیا وہ ہر گز اصول و ضوابط اور اس عہدہ کیلئے روایتی احترام کے مطابق اور قابلِ فہم نہیں تھا۔
اطالوی ریجن ’’لومباردیہ‘‘ کے دارالحکومت اور مشہور شہر ’’میلانو‘‘ میں قائم فٹبال کلب اے سی میلان ۔۔ جو 125 برس قبل 18 دسمبر 1899 کو قائم ہوا، دنیا کے مقبول ترین فٹبال کلبز میں سے ایک ہے جو یورپ سمیت دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔ نہایت قابلِ فخر ماضی اور تاریخی کامیابیوں کا حامل ’’میلان‘‘ فٹبال کی دنیا کا وہ چمکتا ستارہ ہے جس سے محبت کرنے والے فٹبال شائقین (میلانسٹا) دنیا کے ہر کونے میں موجود ہیں۔
اٹلی میں روسونیری (سرخ اور سیاہ) کے نام سے مشہور میلان 1929 کے بعد محض دو سیزن کے علاوہ ہمیشہ اٹلی کی ٹاپ فلائٹ میں رہا ہے جہاں وہ 19 ٹائٹلز (سکوڈیٹو) کے ساتھ تیسرا بڑا کلب ہے تاہم یورپین میدانوں تک رسائی اور کامیابیوں کا ذکر کیا جائے تو اے سی میلان نہ صرف اٹلی کا کامیاب ترین کلب ہے بلکہ تاریخی طور پر ہسپانوی کلب ’’ریال میڈرڈ‘‘ کے بعد یورپ کا دوسرا کامیاب ترین فٹبال کلب بھی ہے۔
اٹلی میں 19 بار فٹبال چیمپئن رہنے والا اے سی میلان 5 بار کوپا اٹالیا اور 7 بار سپر کوپا اٹالیانا جیت چکا ہے۔ یورپ کے سب سے بڑے ایونٹ ’’یوئیفا چیمپئنز لیگ‘‘ میں 7 بار فاتح رہنے والا اے سی میلان یورپین کپ ونرز میں 2 اور یورپین (یوئیفا) سپر کپ میں 5 بار چیمپئن رہنے کے علاوہ 2 بار لیتن کپ کا فاتح بھی رہ چکا ہے۔ یورپ سے آگے، عالمی سطح کے بڑے ایونٹس کی بات کی جائے تو اے سی میلان 3 بار انٹر کونٹینینٹل کپ اور 1 بار ’’فیفا کلب ورلڈ کپ‘‘ بھی فتح کر چکا ہے۔
لیکن ۔۔ ان تمام کامیابیوں اور اعزازات کے باوجود اے سی میلان یورپین میدانوں میں 2007 اور اطالوی میدانوں میں 2011 کے بعد مسلسل مشکلات کا شکار رہا ہے، حتیٰ کہ 7 بار یوئیفا چیمپئنز لیگ جیتنے والا (ریال میڈرڈ کے بعد دوسرا کامیاب ترین) کلب 2013 کے بعد 7 سالوں تک اس ایونٹ میں حصہ لینے کیلئے کوالیفائی تک نہ کر سکا۔ طویل انتظار کے بعد اے سی میلان نے 2021 میں اٹالین فٹبال سیزن (سیری اے) میں دوسری پوزیشن کے ساتھ یورپین میدانوں تک رسائی حاصل کی۔
اے سی میلان 11 برس کے طویل انتظار کے بعد 2022 میں اٹالین فٹبال سیزن (سیری اے) کا 19ویں مرتبہ چیمپئن بنا جبکہ 2023 میں یوئیفا چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی جہاں روایتی اور سب سے بڑے حریف ’’انٹر میلان‘‘ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ اے سی میلان کیلئے بڑی پیش رفت تھی جہاں اس نے نہ صرف اٹلی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا بلکہ وہ یورپین میدانوں میں بھی ایک بار پھر ابھر کر سامنے آیا۔
ان کامیابیوں کا سہرا بلاشبہ کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی، سپورٹنگ ڈائریکٹر پاؤلو مالدینی کے فیصلوں اور مینیجر سٹیفانو پیولی کی زبردست قیادت کو جاتا ہے۔ سٹیفانو پیولی کی لیڈرشپ نے نہ صرف میلان کے شائقین کا سکوڈیٹو جیتنے کا خواب شرمندہِ تعبیر کیا بلکہ انہیں یورپین میدانوں میں بھی دوبارہ سر اٹھانے کا موقع فراہم کیا تاہم اگلے ہی سیزن کے اختتام پر سٹیفانو پیولی کو حیران کن طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا حالانکہ اے سی میلان نے تب اٹالین فٹبال لیگ (سیری اے) میں 75 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
سٹیفانو پیولی کو ہٹانے کے فیصلہ نے خدشات کے مطابق میلان کو کمزور کیا جبکہ رہی سہی کسر اعلیٰ قیادت کی جانب سے کلیدی کھلاڑیوں کو نکالنے یا لون پر بھیجنے کی پالیسی نے پوری کر دی۔ نتیجتاً نئے مینیجر پاؤلو فونزیکا کو ایک نسبتاً کمزور ٹیم ملی تاہم انہوں نے اپنی قابلیت کی بنیاد پر میلان کو ایک مضبوط ٹیم بنانے کی کوششوں کا آغاز کیا جن کی جھلک طویل انتظار کے بعد روایتی حریف انٹر میلان کے خلاف سنسی خیز میچ میں فتح اور یوئیفا چیمپئنز لیگ میں دفاعی چیمپیئن ریال میڈرڈ کے خلاف واضح مارجن سے کامیابی کی صورت میں نظر آئی۔
پاؤلو فونزیکا ۔۔ ایک اچھے فٹبال مینیجر ہیں اور انہوں نے میلان کے ساتھ رہتے ہوئے بھی کئی اچھے اور دور رس فیصلے کیے ہیں۔ پاؤلو فونزیکا نے بطور مینیجر (کوچ) 6 ماہ کی مدت میں میلان کو ایک مضبوط ٹیم بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔ پاؤلو فونزیکا کی پالیسیز طویل المدتی استحکام کیلئے تھیں۔ ان کا فوکس تجربہ اور قابلیت کے اشتراک سے ایک ایسی مضبوط ٹیم تشکیل دینے پر تھا جو میلان کو طویل عرصہ تک مستحکم انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے دوبارہ اس مقام تک لے جا سکے جس کی تلاش ایک دہائی سے زائد عرصہ سے جاری ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ اے سی میلان مینز ٹیم رواں سیزن میں توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہی لیکن اس کی وجہ پاؤلو فونزیکا نہیں بلکہ اعلیٰ سطح کی مینیجمینٹ کے ناقص فیصلے ہیں۔ گزشتہ سیزن کے اختتام پر اولیویہ جیروڈ اور سیمون کییر جیسے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں نے کلب کو خیر باد کہا جس کے بعد ایک طرف یٰسین عادلی، الیکسس سائیلیمیکرز اور پیئر کالولو جیسے اچھے کھلاڑیوں کو لون پر دیگر کلبز میں بھیج دیا گیا جبکہ دوسری جانب اس تمام خلا کو پُر کرنے کیلئے کوئی بڑا اور قابلِ ذکر کھلاڑی ٹیم میں شامل نہ کیا گیا۔
ان حیران کن فیصلوں اور ناقص پالیسیز کی بنیاد تب پڑی جب جون 2023 میں کلب لیجینڈ ’’پاؤلو مالدینی‘‘ کو سپورٹنگ ڈائریکٹر کے عہدہ سے اچانک فارغ کر دیا گیا حالانکہ طویل انتظار کے بعد سکوڈیٹو فتح اور پھر یوئیفا چیمپئنز لیگ میں سیمی فائنل تک رسائی میں پاؤلو مالدینی کے فیصلوں نے بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ پاؤلو مالدینی جیسے لیجینڈ کو جس انداز میں فارغ کیا گیا وہ ایک حیران کن فیصلہ تھا جس کو میلان کے حامیوں کی بڑی تعداد نے غلط اور توہین آمیز فیصلہ قرار دیا تھا۔
پاؤلو فونزیکا کو بھی جس انداز میں عہدے سے ہٹایا گیا ہے وہ ہر گز مناسب نہیں۔ پاؤلو فونزیکا اے سی میلان کے مینیجر (کوچ) کے عہدہ پر براجمان تھے جبکہ باوثوق میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے علم میں لائے بغیر انہیں فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا، یہاں تک کہ ان کی جگہ ان کے ایک ہم وطن شخص کی تقرری کیلئے نہ صرف تمام معاملات طے کر لیے گئے تھے بلکہ ضروری دستاویزات کا تبادلہ بھی ہو چکا تھا۔ سب سے زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ پاؤلو فونزیکا کو اے ایس روما کے خلاف میچ کے بعد باضابطہ فارغ کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا تھا جبکہ اے ایس روما کے خلاف میچ کے وقت بھی پاؤلو فونزیکا کو معلوم نہ تھا کہ یہ ان کا اے سی میلان کے ساتھ آخری میچ ہے۔
اے ایس روما کے ساتھ میچ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد پوسٹ میچ کانفرنس میں پاؤلو فونزیکا سے جب انہیں فارغ کرنے سے متعلق میڈیا میں گردش کرتی خبروں پر سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ انہیں کلب کی جانب سے اب تک ایسی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ اس سے کچھ ہی دیر بعد میلان کے ہوم گراؤنڈ ’’سین سیرو‘‘ سے باہر نکلتے ہوئے پاؤلو فونزیکا نے رپورٹرز کو بتایا کہ وہ اے سی میلان سے الگ ہو چکے ہیں۔ یہ ایک شش و پنج کر دینے والا لمحہ تھا جب ایک مینیجر (کوچ) کو اس قدر تضحیک آمیز اور اصول و ضوابط کے برخلاف طریقہ سے فارغ کیے جانے کی خبروں کی تصدیق انھی کے ذریعہ ہو رہی تھی۔
اس طرزِ عمل کو وسیع پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آخر اس بات میں کیا امر مانع تھا کہ جب پاؤلو فونزیکا کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اسی وقت انہیں اس حوالے سے بتا دیا جاتا؟ پاؤلو فونزیکا کو کیوں نہ بتایا گیا کہ ان کی جگہ نئے مینیجر (کوچ) کی تقرری کیلئے کسی کا انتخاب کیا جا رہا ہے؟ پھر، جب سب کچھ طے کیا جا چکا تھا تو پاؤلو فونزیکا کو کیوں نہ بتایا گیا کہ یہ ان کا آخری میچ ہے؟ پاؤلو فونزیکا کو یہ موقع کیوں فراہم نہ کیا گیا کہ وہ ’’سین سیرو‘‘ میں باوقار انداز میں کھلاڑیوں اور شائقین کو خیرباد کہہ سکیں؟ کیا یہ اس قدر اہم عہدہ کی توہین نہیں کہ اس پر فائز شخص کو یوں غیر موزوں اور عجیب و غریب انداز میں اچانک بےدخل کر دیا گیا؟
سوشل میڈیا پر فٹبال شائقین کی بڑی تعداد پاؤلو فونزیکا کو ہٹانے کے فیصلہ کو اے سی میلان کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ’’فیس سیونگ‘‘ کا حربہ قرار دے رہی ہے۔ یعنی یہ ممکنہ طور پر ایک سیاسی انداز میں کیا گیا ایسا فیصلہ ہے جس میں اپنی نااہلی کو چھپانے، اپنے لیے مزید وقت حاصل کرنے اور ناقص پالیسیز کے خلاف بڑھتی ہوئی آوازوں کو وقتی طور پر دبانے کیلئے پاؤلو فونزیکا کو قربانی کا بکرا بنایا گیا اور اپنے غلط فیصلوں پر نادم ہونے کی بجائے ان میں ایک اور اضافہ کر دیا گیا۔
اس موضوع پر بحث کی جا سکتی ہے کہ پاؤلو فونزیکا اچھے کوچ تھے یا نہیں، اس پر دلائل دیئے جا سکتے ہیں کہ پاؤلو فونزیکا کی پالیسیز درست تھیں یا نہیں، پاؤلو فونزیکا کی قابلیت پر بھی سوالات اٹھائے جا سکتے ہیں کیونکہ سب کو اپنی رائے بیان کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم جس انداز میں پاؤلو فونزیکا کو ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے اس کا دفاع کسی صورت ممکن نہیں۔ فٹبال اور بالخصوص اے سی میلان سے محبت رکھنے والا کوئی بھی ذی شعور شخص اس طرزِ عمل کو موزوں یا پسندیدہ قرار نہیں دے سکتا۔
پاؤلو مالدینی اور سٹیفانو پیولی کی طرح پاؤلو فونزیکا کو نکالنے کے فیصلہ نے بھی کئی سوالات کو جنم دیا ہے تاہم اے سی میلان سے محبت کرنے والے شائقینِ فٹبال کیلئے سب سے اہم اے سی میلان کا مستقبل ہے اور وسیع پیمانے پر یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اعلیٰ قیادت ذاتی مفادات اور ذاتی تعلقات کی بجائے اے سی میلان کی تاریخ اور اس کی اہمیت کو مدنظر رکھے اور یہ یقینی بنائے کہ آئندہ ہونے والا ہر فیصلہ ذاتی نوعیت یا فیس سیونگ کی بجائے خالصتاً اے سی میلان کے روشن مستقبل کیلئے ہو۔
اب پرتگال سے تعلق رکھنے والے پاؤلو فونزیکا کی جگہ انھی کے ہم وطن ’’سرجیو کانسیساؤ‘‘ میلان کے مینیجر (کوچ) کا عہدہ سنبھال چکے ہیں جبکہ ان کا پہلا امتحان سعودی عرب کے کنگ سعود یونیورسٹی سٹیڈیم (الأول پارک) میں ’’یووینٹیس‘‘ کے خلاف سپر کوپا اٹالیانا کا سیمی فائنل ہے جبکہ انہیں یوئیفا چیمپئنز لیگ کے ناک آؤٹ مرحلہ تک رسائی اور رواں اٹالین فٹبال سیزن (سیری اے) میں ٹاپ 4 پوزیشنز میں سے ایک کو یقینی بنانے جیسے بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔