ریاض (تھرسڈے ٹائمز) — اے سی میلان اٹالین سپر کپ کا فاتح بن گیا، سنسنی خیز فائنل میچ میں روایتی حریف انٹر میلان کو تین دو سے شکست دے دی۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ’’کنگ سعود یونیورسٹی سٹیڈیم‘‘ میں کھیلے گئے سالانہ ایونٹ ’’سپر کوپا اٹالیانا‘‘ کے فائنل میچ میں ’’اے سی میلان‘‘ نے سنسنی خیز مقابلہ میں روایتی اور سب سے بڑے اطالوی حریف ’’انٹر میلان‘‘ کو تین دو سے شکست دے کر آٹھویں بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اٹالین فٹبال کے ناک آؤٹ ایونٹ کا فائنل میچ اطالوی شہر ’’میلانو‘‘ کے دو روایتی حریف اے سی میلان اور انٹر میلان کے درمیان کھیلا گیا جسے تاریخی طور پر ’’میلان ڈربی‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ فائنل تک رسائی کیلئے انٹر میلان نے سیمی فائنل میں اٹلانٹا کو دو زیرو سے شکست دی جبکہ اے سی میلان نے یووینٹیس کو سنسنی خیز مقابلہ میں دو ایک سے شکست دے کر فائنل تک رسائی کو یقینی بنایا۔
سپر کپ کے 37ویں ایڈیشن کے فائنل میچ کے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں انٹر میلان کے کپتان اور ارجنٹائن فارورڈ ’’لوٹارو مارٹینیز‘‘ نے گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو ایک زیرو کی برتری دلا دی، دوسرے ہاف کے آغاز پر ایرانی فارورڈ ’’مہدی طارمی‘‘ نے گول سکور کر کے انٹر میلان کی برتری کو دوگنا کر دیا۔
میلان ڈربی کے پہلے 47 منٹس میں انٹر میلان کی دو زیرو کی برتری کے بعد اے سی میلان نے جارحانہ انداز اپنایا اور مخالف ٹیم پر پے در پے حملے کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، فرانسیسی ڈیفینڈر ’’تھیو ہرنینڈیز‘‘ نے میچ کے 52ویں منٹ میں فری ہٹ پر بال کو نیٹ میں پہنچا کر میچ میں نئی روح پھونک دی جس کے بعد انھی کے شاندار پاس کی بدولت بین الاقوامی سطح پر امریکی فٹبال ٹیم کی قیادت کرنے والے ’’کرسچین پولیسیک‘‘ نے گول سکور کر کے میچ کو دو دو گول سے برابر کر دیا۔
سنسنی خیز مقابلہ کا آخری اور فیصلہ کن گول انگلش فارورڈ ’’ٹیمی ابراہم‘‘ نے سکور کیا، میچ کے 90 منٹس مکمل ہونے کے بعد 5 منٹس کے اضافی وقت کے تیسرے منٹ میں پرتگیزی سٹار فارورڈ ’’رافیل لیاؤ‘‘ کے پاس پر بال کو نیٹ میں پہنچا کر ٹیمی ابراہم نے ’’اے سی میلان‘‘ کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔
یورپ سمیت دنیا بھر میں کلب فٹبال کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقابلوں میں سے ایک ’’میلان ڈربی‘‘ کے موقع پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ’’الاوّل پارک‘‘ میں 24 ہزار 841 شائقینِ فٹبال سنسنی خیز مقابلہ سے لطف اندوز ہوئے۔
یہ اطالوی فٹبال کلب اے سی میلان کا ’’سپر کوپا اٹالیانا‘‘ میں آٹھواں ٹائٹل ہے جو تاریخی طور پر یورپ کے دوسرے کامیاب ترین فٹبال کلب ’’اے سی میلان‘‘ نے 13 برس کے طویل انتظار کے بعد جیتا ہے۔ اس سے قبل اے سی میلان نے روایتی حریف انٹر میلان کو دو ایک سے شکست دے کر اگست 2011 میں ساتویں بار سپر کپ فتح کیا تھا۔