بھارتی آرمی چیف کا بیان حقائق کے منافی اور بھارتی دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، آئی ایس پی آر

بھارتی آرمی چیف کا بیان حقائق کے منافی اور بھارتی شکست خوردہ مؤقف کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش ہے، پاکستان پر دہشتگردی کی ریاستی سرپرستی کا الزام بھارتی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — پاک فوج کی جانب سے بھارتی آرمی چیف کے پاکستان سے متعلق بیان کو حقائق کے منافی قرار دے دیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان پر دہشتگردی کی ریاستی سرپرستی کا الزام بھارتی دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ بھارتی الزامات مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے آرمی چیف کا پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دینے والا بیان نہ صرف حقائق کے منافی ہے بلکہ بھارت کے شکست خوردہ مؤقف کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش ہے، پاکستان پر دہشتگردی کی ریاستی سرپرستی کا الزام بھارت کی دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان اس قسم کے بےبنیاد اور جھوٹے بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر (انٹر سروسز پبلک ریلیشنز) کے مطابق بھارتی بیان دنیا کی توجہ بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم اور اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کے ساتھ ساتھ بھارت کی سرحد پار جبر کی پالیسیز سے ہٹانے کی کوشش ہے، بھارتی جنرل نے ماضی میں بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعیناتی کے دوران کشمیریوں پر بدترین مظالم کی نگرانی کی تھی، یہ سیاسی مقاصد کے تحت دیئے گئے گمراہ کن بیانات بھارتی فوج کے سیاست زدہ ہونے کی عکاسی کرتے ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھارتی نفرت انگیز تقاریر اور مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کو بھڑکانے والے بیانات سے بخوبی آگاہ ہے، عالمی برادری بھارت کی سرحد پار قتل و غارتگری اور بےگناہ کشمیریوں پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کے مظالم و انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کر سکتی، یہ مظالم کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے اس عزم کو مزید مضبوط کرتے ہیں جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی قیادت کیلئے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے کسی غیر موجودہ ڈھانچے کا پروپیگنڈا کرنے کے بجائے اس حقیقت کو تسلیم کرنا بہتر ہو گا کہ ایک سینئر بھارتی فوجی آفیسر پاکستان کی تحویل میں ہے جو پاکستان میں بےگناہ شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، بھارتی جنرل نے اس بات کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر واضح ردعمل میں مزید کہا ہے کہ بھارتی فوج کی قیادت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ سیاسی تقاضوں کے بجائے شائستگی، پیشہ ورانہ طرزِ عمل اور ریاستی تعلقات کے اصولوں کو مدنظر رکھے۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: